کراچی: مصطفیٰ عامر قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)نے مصطفیٰ عامرقتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کیخلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ایف آئی اے نے گزشتہ روز گھرسے ڈیجیٹل اوردیگردستاویزات تحویل میں لیے تھے تاہم ایف آئی اے حکام نے کہاتھاکہ شواہد ملتے ہی سب سے پہلے ارمغان کے خلاف مقدمہ درج کریں گے۔
ذرائع نے کہا کہ ارمغان کو باقاعدہ گرفتار کرنے کے بعد تفتیش کا آغاز کیا جائے گا۔ایف آئی اے کی ٹیم ارمغان سے ایک غیر رسمی ملاقات کرچکی ہے تاہم گھر سے برآمد سامان سے ٹیکنیکل ٹیم کو کیس میں مدد حاصل ہوگی، برآمد دستاویزات سے کئی ایسے شواہد سامنے آئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ گھر میں پارکنگ سے گاڑی تحویل میں لی جبکہ 18لیپ ٹاپ، گرافک کارڈ اور فور جی بولٹ ڈیوائس ملی ساتھ ہی متعدد شناختی کارڈز کی کاپیاں، بینک کو لکھے گئے لیٹر بھی ملے ہیں۔ذرائع کے مطابق کامران اصغرقریشی کے نام کے اسلحہ لائسنس کی کاپی ، متعدد انوائسز، سیل اور ٹیکس سرٹیفکیٹ اور دستاویزات برآمد ہوئیں جبکہ ارمغان اور کامران قریشی کے آن لائن اکائونٹس کی ڈائری بھی ملی ہے۔