کراچی/ اسلام آباد/ملتان/لاہور:ملک بھر میں رمضان المبارک کی پہلی سحری کے موقع پر خصوصی اہتمام کیا گیا۔
لاہور، کراچی، اسلام آباد سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ہوٹلوں اور ریستورانوں پر بھی رش دیکھا گیا جہاں لوگوں نے خصوصی طور پر پہلی سحری کا اہتمام کیا، شہریوں کی بڑی تعداد چنے، بونگ پائے، پراٹھے، انڈہ، لسی سمیت متعدد کھانوں سے لطف اندوز ہوئی۔جہاں سحری کے مزے منفرد پکوان سے لئے گئے۔
سحری کے بعد نماز فجر میں مساجد نمازیوں سے بھر گئیں، ذکرواذکار اور تلاوت قرآن پاک بھی کا خاص اہتمام کیا گیا، اس موقع پر فرزندان اسلام نے رب کے حضور رحمت، مغفرت اور بخشش طلب کی۔
علاوہ ازیں گزشتہ رات ماہ رمضان المبارک کا چاند نظر آنے پر نماز عشا کے بعد پہلی تراویح کا اہتمام کیا گیا، ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے جہاں اہل ایمان نے نماز تراویح ادا کی۔
دوسری جانب رمضان المبارک کے آغاز پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کو بابرکت مہینے کی مبارکباد پیش کی ہے۔ ملتان سمیت ملک کے مختلف شہروں میں لوگ ٹوپی اور تسبیح کی خریداری میں مصروف ہیں، رمضان کی آمد کے ساتھ ٹوپی اور تسبیح کا کاروبار بھی اچھا ہو گیا۔
ملتان میں رحمتوں اور فضیلتوں والے بابرکت مہینے میں ٹوپی اور تسبیح کی مانگ میں اضافہ ہو گیا ہے، بڑی تعداد میں شہری خوب صورت ٹوپی اور تسبیح کی خریداری کر رہے ہیں۔رمضان المبارک برکتوں اور رحمتوں کا مہینہ ہے، جس میں ہر شخص زیادہ سے زیادہ نیکیاں سمیٹنے کے لیے بھرپور تیاریاں کرتا ہے، مختلف ڈیزائن اور رنگوں کی ٹوپیاں اور تسبیح کی خریداری بھی اسی تیاری کا حصہ ہے۔
ماہ رمضان کی آمد کے ساتھ ہی شہریوں کی بڑی تعداد ٹوپیاں اور تسبیح کی خریداری کرتی دکھائی دیتی ہے، اس مہینے میں ٹوپی تسبیح کی ڈیمانڈ میں اضافے پر دکان دار بھی خوش دکھائی دیتے ہیں۔ رمضان المبارک کی آمد پر غیر ملکی سفیروں اور سفارتخانوں کی جانب سے مبارکباد کے پیغام جاری کیے گئے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کے سفیرحمد عبید ابراہیم الزہبی نے اپنے پیغام میں کہا کہ مقدس ماہ رمضان کی بابرکت مناسبت سے میں پاکستانی حکومت اور برادر عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔فرانسیسی سفارت خانہ کی جانب سے رمضان المبارک کی مبارکباد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر دی گئی، فرانسیسی سفارتخانے نے پیرس کی جامع مسجد کی تصویر بھی جاری کی۔
امریکی مشن پاکستان کی جانب سے بھی رمضان کی مبارکباد دی گئی، سفارتخانے کی جانب سے کہا گیا کہ رمضان کا یہ بابرکت مہینہ سب کے لیے امن، اتحاد اور خوشحالی لائے۔جرمن قونصل جنرل ڈاکٹر روڈیگر نے رمضان المبارک کے موقع پر خصوصی ویڈیو پیغام جاری کیا اور کہا کہ امت مسلمہ کو رمضان المبارک مبارک ہو، رمضان مفاہمت کا درس دیتا ہے، عالمی امن میں مفاہمت کی بہت ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ رمضان ہماری زندگی کی عکاسی کرتا ہے، رمضان ہماری زندگی، صحت کو بہتر کرتا ہے۔
رمضان ہمیں سکھاتا ہے کہ ایک دوسرے کے ساتھ کیسے پیش آنا ہے۔جرمن قونصل جنرل ڈاکٹر روڈیگر نے کہا کہ رمضان ہمیں سکھاتا ہے اپنے دوستوں کے ساتھ اچھا سلوک کرنا ہے، میری جانب سے آپ سب کو بہت بہت رمضان مبارک ہو۔