سعودیہ کا رمضان آپریشنل پلان، تراویح کون کون پڑھائے گا؟

ریاض : سعودی عرب میں رمضان آپریشنل پلان اور تراویح ، تہجد کے لیے ائمہ کا اعلان کیا ہے ۔ عرب ٹی وی کے مطابق ادارہ حرمین شریفین کے دینی امور کے سربراہ شیخ عبدالرحمان السدیس نے ماہ رمضان المبارک میں ترویح اور تہجد کی نمازوں کے لیے ائمہ کے ناموں کی منظوری جاری کی ہے۔
مسجد نبوی میں تراویح اور تہجد کی نمازوں کی امامت کے لیے شیخ ڈاکٹر عبدالمحسن القاسم، شیخ ڈاکٹر صالح البدیر، شیخ ڈاکٹر عبداللہ البیعجان، شیخ ڈاکٹر احمد بن طالب حمید، شیخ ڈاکٹر خالد المھنا، شیخ ڈاکٹر احمد الحذیفی، شیخ ڈاکٹر محمد البرھجی اور شیخ ڈاکٹرعبداللہ القرافی کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے۔
دریں اثنا مسجد الحرام کے لیے تراویح و آخری عشرے میں تہجد کی نمازوں کے لیے جن اماموں کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے ان میں شیخ عبداللہ الجھنی، شیخ الوالید الشمسان، شیخ عبدالرحمان السدیس، شیخ یاسر الدوسری، شیخ ماہرالمعیقلی، شیخ بدر الترکی، شیخ بندر بلیلہ شامل ہیں۔ قبل ازیں دینی امور کے سربراہ شیخ السدیس نے رمضان اپریشنل پلان کا اعلان کیا تھا جس کا مقصد ماہ مبارک میں حرمین شریفین کے پیغام کو دنیا بھر میں پہنچانا اور زائرین حرمین کی خدمت کو مقدم رکھنا ہے۔
اس حوالے سے دینی امور کے سربراہ نے مختلف اقدامات کی بھی منظوری دی جن پر ماہ مبارک کے دوران عمل کیا جائے گا۔رمضان کی روحانی اہمیت کے حوالے سے زائرین کے لیے 120 سے زیادہ پروگرام متعارف کرائے گئے ہیں۔