گھروں کی طرف لوٹنے والے فلسطینیوں کو نتساریم کوریڈور پر دل دہلا دینے والے مناظر کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق غزہ کی پٹی کے جنوب سے شمالی حصے میں واپس آنے والے بے گھر فلسطینیوں کو جہاں ایک طرف اپنے علاقوں میں لوٹنے کی خوشی ہے ، وہاں دوسری طرف یہ لوگ نتساریم راہ داری پر دل دہلا دینے والے مناظر دیکھ کر چونک گئے ہیں۔
واپس آنے والے فلسطینیوں نے راستوں پرملبے کے نیچے کٹی پھٹی انسانی لاشیں دیکھیں۔
فلسطینی ذرائع کے مطابق غزہ کی پٹی کے وسط میں نتساریم راہ داری سے اسرائیلی انخلا کے بعد متعدد شہریوں کی لاشیں اور ہڈیوں کے ڈھانچے ملے ہیں۔
اسی طرح تصاویر اور وڈیو کلپس میں اس تباہی کا حجم سامنے آ رہا ہے جو اسرائیلی فوج نے نتساریم، المغراقہ اور جحر الدیک کے علاقوں میں وسیع پیمانے پر چھوڑا۔
سعودیہ میں فلسطینی ریاست کا بیان مسترد،پاکستان او آئی سی ہنگامی اجلاس بلانے کیلئے سرگرم
حماس کے مطابق اسرائیل نے ملبے کے نیچے سے لاشیں نکالنے اور ملبہ ہٹانے کے لیے بھاری آلات اور ساز و سامان غزہ کی پٹی میں داخل کرنے کی ذمے داری لی ہے ، تاہم ابھی تک اس پر عمل نہیں ہوا۔
تنظیم کے مطابق فائر بندی معاہدے کے پہلے ماہ کے اندر 2 لاکھ عارضی خیموں، 60 ہزار کیمپوں، ایندھن کی کافی مقدار اور ہسپتالوں کی بحالی کا سامان داخل کیا جانا تھا ، تاہم ابھی تک اس میں سے تھوڑی تعداد ہی آئی ہے۔
یاد رہے کہ اسرائیلی فوج نے کل اتوار کو نتساریم راہ داری سے اپنی فوج کا انخلا مکمل کر لیا ہے۔