ریاض : سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ نے داخلی عازمین کے لیے نسک پلیٹ فارم پر حج پیکیج کی بکنگ کا اعلان کیا ہے۔ سعودی ٹی وی نے وزارتِ حج وعمرہ کے حوالے سے بتایا کہ سعودی شہری اور مملکت میں مقیم غیرملکی جو اس سال حج کرنے کے خواہش مند ہیں وہ مختلف نوعیت کے پیکیجز حاصل کرنے کے لیے نسک ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر بکنگ کر سکتے ہیں۔
وزارت حج کا مزید کہنا تھا درخواست گزار پلیٹ فارم پر درست معلومات اپ لوڈ کریں۔ وہ خواتین جو محرم سے استثنی حاصل کرنا چاہتی ہیں ،انہیں بھی اس کی وضاحت بیان کرنا ہوگی تاکہ انہیں بغیرمحرم کے پرمٹ جاری کیا جا سکے۔
دوسری جانب سعودی عرب کی وزارت تجارت نے کہا ہے کہ ملک بھر میں رمضان رعایتی سیل کا آغاز اتوار سے کر دیا ۔ عرب ٹی وی کے مطابق سعودی وزارت تجارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ رعایتی سیل میں شامل ہونے والے تجارتی مراکز کے پاس اجازت نامہ ہے، صارفین بارکوڈ سکین کرکے تفصیلات معلوم کرسکتے ہیں۔ رعایتی سیل 4 اپریل تک جاری رہے گی جس کا مقصد لوگوں کو جلد خریداری کی ترغیب دینا اور آخری لمحات کی بھیڑ سے بچانا ہے۔ تجارتی قانون کے تحت مصنوعات پر رعایتی سیل کے بورڈ اس وقت تک آویزاں نہیں کےے جاسکتے جب تک وزارت تجارت کی جانب سے پرمٹ حاصل نہ کیا جائے۔
