جامعہ خیرالمدارس ملتان کی جدید مسجد کا افتتاح، مفتی تقی عثمانی و دیگر کا خطاب

ملتان: ممتاز دینی درس گاہ جامعہ خیرالمدارس ملتان کی جدید دیدہ زیب اور اور خوبصورت جامع مسجد کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
یہ پروقار تقریب جامع مسجد خیر المدارس میں منعقد ہوئی جس کی تیاریاں گذشتہ کئی ہفتوں سے جاری تھیں۔تقریب میں ناروے ،آسٹریلیا،دوبئی اور متحدہ عرب امارات سمیت مختلف ممالک اور ملک بھر سے علمائے کرام مشائخ عظام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔
جامع مسجد خیر المدارس کی زیر زمین منزل ،زمینی منزل ، پہلی منزل اور چھت کے علاوہ مسجد کے اطراف میں بھی نماز جمعہ کے لیے صف بندی کی گئی تھی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز جامعہ خیرالمدارس کے فاضل مولانا قاری عبد الرحمن رحیمی کی تلاوت سے ہوا۔
صدر وفاق المدارس مفتی اعظم مفتی محمد تقی عثمانی نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ مساجد کو حکومت کا مرکز بنانے سے ہی معاشرہ امن کا گہوارہ بن سکتا ہے اور ملک کو درپیش مسائل حل ہو ں گے۔
انہوں نے حضرت ابراہیم اور حضرت اسماعیل علیہما السلام کی تعمیر کعبہ کا واقعہ بیان کرتے ہوئے قرآن کریم نے انداز بیان اختیار کیا کہ ابراہیم نے کعبہ تعمیر کیا اور اسماعیل ان کے ساتھ تھے۔یہ دراصل ادب سکھایا جا رہا ہے جب کسی بڑے اور اہم کام میں باپ اور بیٹا اور بڑا اور چھوٹا شریک ہو تو ادب کا تقاضا یہ ہے اس کی نسبت باپ اور بڑے کی طرف کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ آج کل لوگوں کو شریعت کا کوئی حکم سنایا جائے تو کہا جاتا ہے اس کی علت کیا ہے ؟اور آج کل جو شخص اس “کیوں” کا جواب دے دے اسے بڑا سکالر سمجھا جاتا ہے ،لیکن حقیقت یہ ہے کہ ایک مسلمان کے لیے بس یہی بات کافی ہے کہ یہ حکم اللہ تعالیٰ کی طرف سے دیا جا رہا ہے۔اسلام کا تو معنی ہی سر تسلیم خم کر دینا ہے۔چون و چرا کرنے اور لاجک پوچھنے کا نام اسلام نہیں ہے۔
جامعہ کے مہتمم اور وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ مولانا محمد حنیف جالندھری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج سے آٹھ سال قبل جب ہم نے اس جدید جامع مسجد کی تعمیر کا خواب دیکھا تھا تو یہ اندازہ نہیں تھا کہ اس کی تعبیر ہم اپنی زندگی ہی میں دیکھ لیں گے ۔
جامعہ اشرفیہ لاہور کے شیخ الحدیث مولانا محمد یوسف خان نے اپنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسجد کی تعمیر میں حصہ لینے کی توفیق ان لوگوں کو ملتی ہے جنہیں اللہ تعالیٰ نفس مطمئنہ عطا فرماتے ہیں۔
بعد ازاں جامع مسجد خیر المدارس کی تعمیر جدید میں حصہ لینے والے انجینیئرز آرکیٹیکٹ اور منتظمین میں حوصلہ افزائی کی شیلڈ تقسیم کی گئیں جبکہ شیخ الاسلام نے جامعہ خیرالمدارس کے دورہ حدیث شریف اور تخصصات کے طلبہ کرام اور مجمع میں موجود علماء کرام کو سند حدیث مرحمت کی۔