اسلا م آباد:چینی کی قیمت میں مصنوعی اضافہ، ایک ماہ میں شوگر مافیا نے عوام کی جیب پر اربوں روپے سے زائد کا ڈاکا ڈال دیا۔
میڈیارپورٹ کے مطابق شوگر ملز مالکان کے ساتھ ملکر دام بڑھائے گئے، پورا نیٹ ورک لاہور سے کنٹرول ہوا، تحقیقاتی اداروں کے ایکشن پر بروکرز میں کھلبلی مچ گئی۔چینی کی قیمت 26 روپے کلو بڑھاکر 8 ارب روپے سے زائد کا ڈاکا عوام کی جیبوں پر ڈال دیا گیا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں چینی کے بیوپاری نے مافیا کے کھیل کو بے نقاب کردیا۔انہوںنے انکشاف کیا کہ سٹہ باز شوگر ملز مالکان کیساتھ ملکر گیم کررہے ہیں، نیٹ ورک لاہور سے چلایا جارہا ہے۔ حکام نے ایکشن شروع کیا تو سٹے بازوں میں کھلبلی مچ گئی، چینی کے بڑے ڈیلر کی آڈیو لیک ہوگئی۔چیئرمین کراچی ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ چینی مافیا کو لگام ڈالی جائے، ورنہ رمضان المبارک میں قیمتیں اور بڑھ جائیں گی۔
ادھرملک بھر میں ایک بار پھر چینی مافیا بے لگام ہوگئی اور مختلف شہروں میں چینی کے نرخ میں فی کلو 15 سے 20 روپے تک کا اضافہ کردیا گیا۔ملتان میں دو ہفتے پہلے 135 روپے فی کلو ملنے والی چینی اب 150 سے 160 روپے میں فروخت کی جانے لگی جبکہ پچاس کلو کا تھیلا 7 ہزار 200 روپے میں ملنے لگا۔
فیصل آباد میں چینی ایکس مل ریٹ 146 روپے جبکہ مارکیٹ میں 160 روپے تک میں فروخت ہونے لگی۔جھنگ، سیالکوٹ ، سرگودھا اور پاکپتن میں بھی 15 سے 20 روپے اضافے کے بعد اب چینی 155 سے 160 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔حیدرآباد اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی چینی 20 روپے اضافے کے بعد اب 150 روپے میں مل رہی ہے۔