خوارج یا پاکستان،طالبان کے پاس اورکوئی آپشن نہیں،چیف آف ڈیفنس فورسز

راولپنڈی:چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارت کسی خود فریبی یا گمان کا شکار نہ رہے، پاکستان کا آئندہ جواب اس سے بھی برق رفتار اور شدید ہوگا۔ انھوں نے واضح اور دو ٹوک پیغام دیا کہ طالبان رجیم بھی پاکستان یا فتنہ الخوارج میں سے ایک کا انتخاب کرلے اس کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔

پاکستان امن پسند اور ناقابل تسخیر ہے۔چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں تینوں مسلح افواج کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئے ڈیفنس فورسز ہیڈکوارٹرز میں بنیادی تبدیلی تاریخی ہے، ملٹی ڈومین آپریشنز کو متحد نظام کے تحت مزید بہتر کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ تینوں افواج خودمختاری اور تنظیمی ڈھانچہ برقرار رکھیں گی، نیا ہیڈکوارٹر سروسز کے آپریشن کو مربوط اور ہم آہنگ کریگا۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کسی خود فریبی یا گمان کا شکار نہ رہے، آئندہ پاکستان کا جواب اس سے بھی زیادہ برق رفتار اور شدید ہو گا۔

انہوں نے طالبان رجیم کے حوالے سے دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا کہ طالبان رجیم کو واضح طور پر بتا دیا گیا ہے کہ انہیں فتنة الخوارج یا پاکستان میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، سب جان لیں کہ پاکستان کا تصور ناقابلِ تسخیر ہے اور پاکستان کی حفاظت ایمان سے سرشار جانبازوں نے کر رکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو پاکستان کی خودمختاری اور عزم کو آزمانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ شہدا کو سلام، شہید ہمیشہ قوم کا فخر رہیں گے۔

اس سے قبل جی ایچ کیو میں چیف آف ڈیفنس فورسز کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو گارڈ آف آنرپیش کیا گیا۔ نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف ایئر اسٹاف ظہیر احمد بابر سدھو بھی تقریب میں شریک تھے۔

مسلح افواج کے دستے نے ایئر چیف ظہیر احمد بابر سدھو اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کو سلامی دی۔ اعزازی دستے کی جانب سے مہمانِ خصوصی کو جنرل سلامی پیش کی گئی۔فیلڈ مارشل عاصم منیر حال ہی میں چیف آف ڈیفنس فورسز تعینات ہوئے ہیں جنہیں پیرکو باضابطہ طور پر تینوں مسلح افواج کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔