مکہ مکرمہ: سعودی فوج میں قرآن پاک حفظ کرنے کے شوق کی حوصلہ افزائی کے لیے 10 ویں بین الاقوامی مقابلے کا آغاز کیا گیا ۔ مقابلے میں 32 اسلامی ممالک سے 179 شرکاء آئے ۔
عرب ٹی وی کے مطابق سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کی سرپرستی میں مسلح افواج کے مذہبی امور کی جنرل ایڈمنسٹریشن کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی تقریب قرآن کی اہمیت کا شعور بڑھانے میں مدد دیتی ہے۔ اس کے ذریعے حفظ قرآن کی ترغیب دی جاتی ہے اور قرآنی تعلیمات کی خدمت کی اہمیت کو اجاگر کیا جاتا ہے۔ مقابلے کو چھ حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ان میں مکمل حفظ قرآن، 20پاروں کا حفظ ، 10 پاروں کا حفظ ، پانچ پاروں کا حفظ اور تین پاروں کا حفط شامل ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ تلاوت اور تجوید کے حوالے سے ترتیل قرآن کے بھی دو حصے مقابلے میں شامل کیے گئے ہیں۔قرآنی مقابلوں کا سلسلہ دو ہفتے تک جاری رہے گا ۔ دس دن مکہ میں اور چار دن مدینہ منورہ میں مقابلے کے شرکا ء قیام کریں گے۔