جامعہ الصفہ سے ساڑھے تین سو علماء و حفاظ فارغ التحصیل۔ خصوصی تقریب کا انعقاد

کراچی:جامعہ الصفہ سعیدآباد کراچی میں سینکڑوں طلبہ کے پاس آؤٹ ہونے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں ملک بھر سے آئے قافلوں کے علاوہ اہلیان کراچی نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی ۔
تقریب سے پیرحافظ ذوالفقاراحمد نقشبندی ،جامعہ کے سربراہ مولانا حق نواز ، دارالعلوم کراچی کے نائب صدر مولانا ڈاکٹر زبیر اشرف عثمانی کے علاوہ اسلامی نظریاتی کونسل کے ممبر مفتی محمد زبیر ،ایم این اے مصطفی کمال، معاون خصوصی وزیراعلیٰ سندھ ایم پی اے لیاقت آسکانی نے خطاب کیا ۔
پنجاب اسمبلی کے ممبر حافظ طاہر قیصرانی ،سندھ اسمبلی کے رکن فہیم پٹنی اور ایم پی اے آصف موسیٰ کے علاوہ کراچی کی تاجر برادری ، سیاسی وسماجی شخصیات نے تقریب میں شرکت کی ۔ اس موقع پر وفاق المدارس کی سطح پر ملکی و صوبائی پوزیشن ہولڈر طلبہ میں عمرہ کے ٹکٹ تقسیم کیے گئے۔جامعہ الصفہ سے تقریباً ساڑھے تین سو حفاظ و علماء فارغ التحصیل ہوئے۔ جامعہ الصفہ کے سربراہ مولانا حق نواز نے آخری حدیث کالیکچر دیتے ہوئے طلبہ کو دین کی خدمت کے لیے اپنے کو وقف کرنے کی تلقین کی اور جامعہ کے مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔