بہادر آباد میں واقع شہر کے مؤقر دینی ادارے جامعۃ الشیخ یحییٰ المدنی میں چھٹے سالانہ جلسہ تکمیل قرآن و ختم بخاری شریف کا انعقاد ہوا ۔
اس باوقار تقریب میں ملک کی ممتاز علمی و سماجی شخصیات نے شرکت کی اور کلام الٰہی اپنے سینوں میں محفوظ کرنے والے 100 طلبائے کرام اور درس نظامی و مختلف تخصصات کے 119 فضلائے کرام کی دستار بندی کی گئی۔
تقریب کے مہمان خصوصی فیصل آباد کی مشہور درسگاہ جامعہ امدادیہ کے مہتمم و وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے خزانچی شیخ الحدیث مفتی محمد طیب نے اپنی تقریر میں علم دین کی اہمیت و ضرورت کو اجاگر کیا۔ دیگر مقررین نے بھی اپنی تقاریر میں فضلاء کو قیمتی نصائح سے نوازا۔
تقریب سعید میں زندگی کے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے عوام الناس نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور خواتین کے لیے پردے کا الگ انتظام تھا۔ پروگرام نماز عصر کے بعد شروع اور رات ساڑھے 11 بجے اختتام پذیر ہوا۔