جامعہ مخزن العلوم کی تقریب میں مولانا حنیف جالندھری سمیت اہم دینی و سیاسی شخصیات کی شرکت

 جامعہ اسلامیہ مخزن العلوم کراچی کے زیر اہتمام ہر سال کی طرح امسال بھی تقریبِ دستار بندی کا انعقاد کیا گیا۔

اس موقع پر ممتاز مذہبی اسکالر مولانا ڈاکٹر قاسم محمود کی دو کتابوں کی تقریب رونمائی بھی منعقد کی گئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ مولانا محمد حنیف جالندھری تھے جبکہ اس موقع پر معروف مذہبی اسکالر مولانا سبحان، مولانا طلحہ رحمانی، ایم کیو ایم کے رہنماء وسابق صوبائی وزیر اوقاف عبدالحسیب، مولانا شفیق الرحمٰن کاشمیری، رکن سندھ اسمبلی علی احمد جان، جے یو آئی سندھ کے رہنما مولانا عبدالکریم سمیت معروف مذہبی شخصیات تقریب میں شریک تھے۔

تقریب دو حصوں پر مشتمل تھی۔ پہلے سیشن میں طلبہ کی ہم نصابی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں طلبہ کی جانب سے تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا گیا۔ اسی سیشن میں 62 طلبہ نے تکمیل قرآن کی سعادت حاصل کی اور ان کی آمین کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔

اس موقع پر طلبہ نے مہمانان کے سامنے مارشل آرٹس صلاحیتوں کا بھی بھرپور مظاہرہ کیا۔ دوسرے سیشن میں جامعہ کے صدر مولانا ڈاکٹر قاسم محمود کے دو سفرناموں کی رونمائی ہوئی جسے شرکاء نے بھرپور پذیرائی بخشی۔اس موقع پر مہمان خصوصی وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ مولانا محمد حنیف جالندھری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ترکیہ خلافتِ عثمانیہ اور خلافت اسلامیہ کا مرکز رہا ہے۔

سابقہ عازمین حج کو اضافی رقم واپس کرنے کا اعلان، کتنے ہزار ملیں گے؟

سفر کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سفر ایک بہت بڑا استاد ہوتا ہے۔ جہاں سفر میں انسان بہت کچھ حاصل کرتا ہے وہیں اسی دوران سفر میں اچھے ساتھی بھی ملتے ہیں۔ سفر ترکیہ کے دوران ڈاکٹر قاسم محمود کی صلاحیتوں کو دیکھنے کا موقع ملا۔تقریب سے خطاب کے دوران سابق وزیر اوقاف عبدالحسیب کا کہنا تھا کہ میں اپنی جماعت اور اپنی طرف سے مدرسہ کے منتظمین کی اتنی اعلیٰ اور شاندار تقریب کے انعقاد پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہاں آکر دل باغ باغ ہوگیا۔ طالبعلم اگر صحت مند ہوتا ہے تو اس کی تعلیم بھی توانا ہوتی ہے۔

تقریب سے خطاب کے دوران رکن سندھ اسمبلی علی احمد جان نے مدرسہ مخزن العلوم السلامیہ کے منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔تقریب کے دیگر شرکاء کا کہنا تھا کہ مدارس کا جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا خوش آئند عمل ہے۔ مدارس دینیہ خالصتا” دین کی خدمت پر مامور ہیں۔ دنیا کی کوئی طاقت اس رشتے کو توڑ نہیں سکتی۔

بعد ازاں قاری محمد حنیف جالندھری نے شعبہ درس ونظامت سمیت بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں تعریفی اسناد اور شیلڈز بھی تقسیم کیں۔تقریب کے اختتام پر قاری محمد حنیف جالندھری کی امامت میں نماز مغرب بھی ادا کی گئی اور دعائیہ تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا۔