بلوچستان میں سرنڈر کرنے والے دہشتگرد کمانڈروں کے سنسنی خیز انکشافات

کوئٹہ(اسلام ڈیجیٹل) بلوچستان میں 2 اہم دہشتگرد کمانڈروں نے ہتھیار ڈال دیے۔
کوئٹہ میں صوبائی وزرا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کمانڈر نجیب اللہ عرف درویش عرف آدم اور عبدالرشید عرف خدائیداد عرف کماش نے ہتھیار ڈالنے کا اعلان کیا۔

یہ بھی پڑھیے

کوئٹہ میں لوڈشیڈنگ کے دوران انتہائی افسوسناک واقعہ

نجیب اللہ نے کہا کہ ہمیں ریاست پاکستان کو کمزور کرنے کیلیے سپورٹ کیا جارہا تھا، بلوچ علیحدگی پسند لیڈرز خود غیر ممالک میں عیش و عشرت کی زندگی گزار رہے ہیں۔
علیحدگی پسند تنظیموں کا مقصد بلوچ قوم کے جذبات سے کھیل کر انہیں پاکستان سے لڑانا تھا، میری تنظیم سے وابستگی 14 سال کی نا پختہ عمر میں ہوئی، پاکستان سے نفرت میرے دماغ میں بھری گئی، کم علمی اور شعور نہ ہونے کی وجہ سے ریاست کو نقصان پہنچایا۔
دہشت گرد کمانڈر نے کہا کہ میری ملاقات ہمسایہ ملک کی انٹیلی جنس سے ہوئی اور میں نے انکے سامنے کئی مفید مشورے رکھے لیکن انہوں نے میری سرزنش کردی، کہا گیا کہ ہمیں آپ کی آزادی سے کوئی سروکار نہیں ہم آپ کو صرف پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے سپورٹ کریں گے، تب میری آنکھیں کھل گئیں اور نام نہاد آزادی کی پٹی میری آنکھوں سے ہٹ گئی۔اس موقع پر صوبائی وزیر ظہور بلیدی نے کہا کہ پہاڑوں پر بیٹھے گمراہ افراد کے لیے راستہ کھلا ہے، حکومت ہتھیار ڈالنے والوں کا کھلے دل سے خیر مقدم کرتی ہے۔