ترجمان دفتر خارجہ پاکستان نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے سیز فائر کے دوران دوبارہ حملوں کی سخت مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیزفائر کا خیرمقدم کرتے ہیں ، پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کرتا ہے اور ان کے حقوق کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان غزہ کو دوبارہ رہائش کے قابل بنانے کے لئے پُرعزم ہے اور اس مقصد کے لئے عالمی برادری سے تعاون کی اپیل بھی کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے اسرائیلی فوج کی جانب سے سیز فائر کے دوران دوبارہ حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات نہ صرف انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہیں بلکہ امن کی کوششوں کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لئے فوری اقدامات کرے اور فلسطینی عوام کو ان کے بنیادی حقوق دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ فلسطین کے مسئلے کا منصفانہ حل ہی خطے میں پائیدار امن کے قیام کا ضامن ہے۔