بھمبر(اسلام ڈیجیٹل) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں بھی دانش اسکولوں کا جال بچھا دیں گے۔
آزاد کشمیر میں دانش اسکول کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آزادکشمیر میں دانش اسکول کا سنگ بنیاد رکھنا خوشی کا باعث ہے، دور دراز کے علاقوں کے بچوں کیلئے دانش اسکول بنائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں دانش اسکول نہ ہوتے تو بہت سے لائق بچے اور بچیاں تعلیم سے محروم رہ جاتے،دانش اسکول ہزاروں بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کررہے ہیں۔
پنجاب کے دانش اسکولوں کے بیشتر بچے اے گریڈ لاتے ہیں، یہاں پڑھنے والے بچے ملک کے مختلف شعبوں میں آگے بڑھ رہے ہیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی قیادت میں دانش سکول کا آغاز کیا تھا،دانش اسکول دانش اور علم کا گہوارہ ہے، یہاں کے بچوں کے 100فیصد اخراجات وفاقی حکومت اٹھائے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی وادی شہیدوں کے لہو سے سرخ ہو چکی ہے جبکہ وہاں کے عوام آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، بھارتی فوج کشمیری عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے مسئلہ کشمیر یو این کی قرار دادوں کے مطابق حل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ میں یقین دلاتا ہوں کہ افواج پاکستان کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر کی اس حوالے سے کمٹمنٹ ہے، اس کی کوئی مثال نہیں ہے، ان کی کشمیر کاز سے وابستگی غیرمتزلزل ہے۔وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک کے ریویو میں شرح سود مزید کم ہونے کی توقع ہے، معاشی چیلنجز کم ہو رہے ہیں، معیشت میں بہتری آرہی ہے، ایکسپورٹس اور ترسیلات زر میں اضافہ اور قرضہ کم ہو رہا ہے۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے بھمبر آزاد کشمیر کا دورہ کیا، اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر بھی ان کے ہمراہ تھے، دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے بھمبر آزاد کشمیر میں دانش اسکول سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سسٹم کا سنگ بنیاد رکھا، دانش اسکول سسٹم کے بچے اور بچیوں کے علیحدہ علیحدہ کیمپس ہوں گے۔