عمران خان جیل میں ہونے کے باوجود 500بااثر مسلمانوں کی فہرست میں شامل

اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر، سابق وزیرِ اعظم عمران خان، نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی،معروف عالم دین اور صدر وفاق المدارس مفتی تقی عثمانی اور دیگر کئی پاکستانیوں کو 2025 کے 500 بااثر ترین مسلمانوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
پہلی بار 2009 میں شائع ہونے والی ‘دی مسلم 500: دنیا کے 500 بااثر ترین مسلمان’ ایک سالانہ اشاعت ہے جو دنیا کے بااثر ترین مسلمانوں کی درجہ بندی کرتی ہے۔ اسے عمان، اردن میں رائل اسلامک سٹریٹجک سٹڈیز سینٹر نے ترتیب دیا ہے۔اس سال اس ادارے نے متعدد ایسے پاکستانیوں کے نام شامل کیے ہیں جن میں سویلین اور فوجی حکمرانوں سے لے کر مخیر شخصیات تک اور ایسے افراد ہیں جو زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنے غیر معمولی کام کے لیے مشہور ہیں۔
شہباز شریف
ادارے نے پاکستان کے وزیر اعظم کے بارے میں لکھا، “شہباز شریف مارچ 2024 میں پاکستان کے 24 ویں وزیر اعظم بنے جنہوں نے سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے بعد 23 ویں عبوری وزیرِ اعظم (2022ـ23) کے طور پر خدمات انجام دیں۔ وہ سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کے بھائی ہیں اور ان کا اپنا ایک طویل سیاسی کرئیر رہا ہے۔
جنرل عاصم منیر
آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے متعلق لکھا گیا “ایک مذہبی اور علمی خاندان سے تعلق رکھنے والے عاصم منیر پاکستان کی تاریخ میں اولین آرمی چیف ہیں جو حافظِ قرآن بھی ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی دونوں اہم ملٹری انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دیں۔
عمران خان
“مسلم 500 میں سابق وزیرِ اعظم عمران خان کا اعزازی ذکر ہے جو اگست 2023 سے کئی الزامات کے تحت جیل میں ہیں۔عمران خان اب بھی وسیع پیمانے پر اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک بڑے اور طاقتور پاکستانی تارکینِ وطن کی حمایت برقرار رکھتے ہیں۔”
مذہبی شخصیات
اس اشاعت میں پاکستان کی مذہبی شخصیات مفتی محمد تقی عثمانی، مولانا طارق جمیل، مولانا نذر الرحمٰن اور محمد الیاس عطار قادری کے نام شامل ہیں۔