پارٹی میں تاریخ کا مشکل ترین مالی بحران،پی ٹی آئی نے اپنے ارکان سے لاکھوں روپے مانگ لیے

اسلام آباد(اسلام ڈیجیٹل)تحریک انصاف نے اپنے ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز سے لاکھوں روپے کے فنڈز مانگ لیے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی اس وقت شدید مالیاتی بحران کا شکار ہے اور پارٹی کے ساتھ منسلک ملازمین کو 3 ماہ سے تنخواہیں بھی نہیں ملیں جس کی وجہ سے تحریک انصاف نے فوری طور پر فنڈریزنگ مہم شروع کردی ۔ تحریک انصاف کی جانب سے اپنے ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز سے سالانہ 2 لاکھ 40 ہزار روپے فنڈ مانگے گئے ہیں،رقم اکٹھی کرنے کی ذمے داری چیف وہپ عامر ڈوگر اور پارلیمانی لیڈرز کو سونپی گئی ۔
اس حوالے سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ارکان اسمبلی و پارٹی کے ٹکٹ ہولڈرز دو قسطوں پر فنڈ جمع کرائیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کی جانب سے فنڈز بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت کے بعد مانگے گئے ۔
اس سلسلے میں پی ٹی آئی چیئرمین، سیکرٹری جنرل، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل کی طرف سے مراسلے بھجوا دیے گئے جس میں کہا گیا ہے کہ پارٹی اس وقت تاریخ کے مشکل مالیاتی بحران سے گزر رہی ہے۔