تبت/ کھٹمنڈو / اسلام آباد: تبت اور نیپال میں زلزلے کے باعث 100 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق چین کے مقامی وقت کے مطابق زلزلہ صبح 9 بج کر 5 منٹ پر آیا، زلزلے کے باعث متعدد عمارتیں گر گئیں، تبت زلزلے کے بعد متعدد آفٹر شاکس بھی ریکارڈ کئے گئے۔ زلزلہ منگل کو مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بج کر 5 منٹ پر آیا، اس کی گہرائی 10 کلومیٹر اور شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی، جب کہ امریکا کے جیولوجیکل سروے نے زلزلے کی شدت 7.1 رپورٹ کی۔
رپورٹ کے مطابق 6.8 شدت کا زلزلہ طاقتور اور شدید نقصان پہنچانے کی صلاحیت رکھتا ہے، ایک سے زیادہ آفٹر شاکس بھی رپورٹ کیے گئے جن میں سب سے زور دار جھٹکے 4.4 شدت کے تھے۔شہر کے آس پاس کے تین علاقوں میں 9 افراد ہلاک ہوئے، اس کے علاوہ کئی عمارتیں منہدم ہو گئیں ، مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق درجنوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ متاثرہ علاقوں سے آنے والی تصاویر میں کئی عمارتیں اور مکانات منہدم دکھائی دے رہے ہیں۔ زلزلے کے شکار علاقے دور دراز پہاڑی دیہات ہیں جہاں رسائی مشکل ہے اور اب موسم سرما کے دوران وہاں تک پہنچنا مزید مشکل ہے، علاقے میں شدید سردی ہے اور یہاں سے کوئی بھی بڑا شہر قریب نہیں ہے۔
چین کے زلزلہ نیٹ ورک سینٹر کے مطابق چین میں زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی جس کی گہرائی 10 کلو میٹر بتائی جا رہی ہے، جبکہ زلزلے کا مرکز تبت کا علاقہ ڈنگری تھا ۔ چینی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس خطے میں 5 سال کے دوران آنے والا یہ سب سے خطرناک زلزلہ ہے۔
رپورٹس کے مطابق زلزلے سے نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں بھی عمارتیں لرز گئیں اور کھٹمنڈو میں زلزلے کی شدت 7.1 ریکارڈ کی گئی۔دوسری جانب بھارتی ریاست بہار میں آنے والے زلزلے کی شدت 5.1 رہی، بھارت کے مقامی وقت کے مطابق زلزلہ صبح 6 بج کر 40 منٹ پر آیا جس کی شدت سے 5 سے 6 سیکنڈز تک عمارتیں لرزتی رہیں۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ زلزلے بعد ریسکیو ٹیموں کی جانب سے امدادی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
دوسری جانب پاکستان نے چین میں زلزلے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ پاکستان چین میں زلزلے سے ہونے والے المناک جانی نقصان پر دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہے، زخمیوں اور لاپتا افراد کے ساتھ ہماری ہمدردیاں ہیں، جاری امدادی کارروائیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔