سال 2024 میں کتنے بچے پیدا ہوئے؟دنیا کی کل آبادی کتنی ہوجائے گی؟

واشنگٹن(اسلام ڈیجیٹل)یکم جنوری 2025 کو نئے سال کے پہلے دن دنیا کی آبادی 8 ارب سے تجاوز کر جائے گی۔امریکا کے محکمہ شماریات (سینسس بیورو) کے مطابق سنہ 2024 میں دنیا کی آبادی میں 7 کرڑ 10 لاکھ افراد کا اضافہ ہوا۔ گزرے سال میں دنیا کی آبادی اعشاریہ 9 فی صد بڑھی۔شماریات کے جاری کیے گئے اندازے کے مطابق جنوری 2025 میں دنیا کی آبادی 8 اعشاریہ 09 ارب ہو جائے گی۔ جنوری 2025 میں دنیا میں ہر سیکنڈ تقریبا 4.2 پیدائش اور 2 اموات ہوں گی۔سال 2024 میں امریکا کی آبادی میں 26 لاکھ افراد سے زائد کا اضافہ ہوا یکم جنوری کو امریکا کی آبادی 34 کروڑ 10 لاکھ سے تجاوز کر جائے گی۔بیورو کے مطابق جنوری 2025 میں امریکا میں ہر ساڑھے 9 سیکنڈ میں ایک پیدائش اور ایک موت متوقع ہے۔ جب کہ غیر ملکی تارکینِ وطن کی آمد سے امریکا میں ہر 23.2 سیکنڈ میں ایک فرد کا اضافہ ہو سکتا ہے۔جاری کردہ اندازے کے مطابق پیدائش اور تارکیں وطن کی آمد کی شرح کو ملا کر اندازا امریکا کی آبادی میں ہر 21.2 سیکنڈ میں ایک فرد کا اضافہ ہو گا۔ امریکا کی آبادی میں سنہ 2020 کے بعد سے اب تک 2.9 فی صد کی شرح سے 97 لاکھ افراد کا اضافہ ہوا ہے جب کہ سال 2010 سے سال 2019 تک امریکا کی آبادی 7.4فی صد بڑھی تھی جو سنہ 1930 کی دہائی کے بعد آبادی میں اضافے کی سب سے کم شرح تھی۔اقوام متحدہ کے مطابق آبادی کے اعتبار سے بھارت دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے۔ آبادی میں دوسرے نمبر پر چین، تیسرے پر امریکا، چوتھے نمبر پر انڈونیشیا اور 5 ویں نمبر پر پاکستان ہے۔بھارت نے سنہ 2023 میں چین کو آبادی میں پیچھے چھوڑ دیا تھا۔