Cheif Justice Oath Ceremony

جسٹس یحییٰ آفریدی نے چیف جسٹس آف پاکستان کے منصب کا حلف اٹھا لیا

نئے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی، جہاں صدر مملکت آصف علی زرداری نے جسٹس یحییٰ آفریدی سے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف لیا۔

ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، اسپیکر قومی اسمبلی، اعلیٰ عدلیہ کے ججز، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، وزیراعلیٰ پختونخوا علی امین گنڈاپور، گورنر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، گورنر پنجاب سلیم حیدر، وفاقی وزرا سمیت اہم شخصیات شریک ہوئیں۔

علاوہ ازیں حلف برداری کی تقریب میں سپریم کورٹ کی جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس اطہر من اللہ بھی شریک ہوئے۔

واضح رہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی نے جسٹس یحییٰ آفریدی کو چیف جسٹس کے عہدے کے لیے نامزد کیا تھا۔