جسٹس یحییٰ آفریدی کو خصوصی پارلیمانی کمیٹی نے دو تہائی اکثریت سے نیا چیف جسٹس آف پاکستان نامزد کردیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پارلیمانی کمیٹی کی اکثریت نے نئے چیف جسٹس کیلئے جسٹس یحییٰ آفریدی پر اتفاق کیا۔
تحریک انصاف نے اجلاس میں بیٹھنے سے انکار کردیا۔ اسپیکر ایاز صادق اور وفاقی وزیر احسن اقبال نے جا کر پی ٹی آئی کے ارکان کو منانے کی کوشش کی، جس پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وہ اور ان کے لوگ اجلاس میں نہیں بیٹھیں گے۔
اس سے پہلے پی ٹی آئی کے بیرسٹر گوہر، بیرسٹر علی ظفر اور سنی اتحاد کونسل کے صاحبزادہ حامد رضا شام کے اجلاس میں نہیں آئے تھے۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے چار حکومتی ارکان کو پی ٹی آئی ارکان کو منانے کا ٹاسک دیا تھا، ساتھ ہی کہا تھا کہ آئینی طور پر کمیٹی پی ٹی آئی ارکان کے بغیر بھی فیصلہ کر سکتی ہے۔
خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا بند کمرہ اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم 5 میں جاری ہے، اجلاس کے بائیکاٹ کے باوجود سنی اتحاد کونسل کے 3 ارکان کیلٸے نشستیں موجود ہیں، اجلاس میں علی ظفر، بیرسٹر گوہر اور حامد رضا کی نشستیں لگائی گئی ہیں، تمام 12 اراکین کی نیم پلیٹس بھی لگائی گئی ہے۔
راجا پرویز اشرف، فاروق ایچ نائیک، کامران مرتضیٰ، رعنا انصار ، احسن اقبال، شائشتہ پرویز ملک، اعظم نذیر تارڑ، خواجہ آصف بھی کمیٹی اجلاس میں موجود ہیں۔