26 ویں ترمیم کی منظوری پر مدارس میں دعاؤں اور شکرانے کے نوافل ادا کرنے کی اپیل

اسلام آباد: وفاق المدارس کے ناظم اعلیٰ نے 26 ویں آئینی ترمیم میں اسلامی شقوں کی منظوری پر مدارس میں شکرانے کے نوافل کی اپیل کردی۔

جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے سینیٹر کامران مرتضیٰ کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی جس میں مفتی تقی عثمانی، مولانا حنیف جالندھری، مولانا عبدالغفور حیدری شریک ہوئے۔

مولانا فضل الرحمان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم میں کلیدی کردار سینیٹرکامران مرتضیٰ کا ہے، میں آج کی تقریب کامران مرتضیٰ کے نام کرتا ہوں، آج کی تقریب کی خوش قسمتی ہے کہ مفتی تقی عثمانی بھی اس میں شریک ہیں۔

مفتی تقی عثمانی

مفتی تقی عثمانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج میری حاضری اس لئیے ہوئی کہ جب ترمیمات منظور ہوئی صدرمملکت نے دستخط کردیے۔ ان ترامیم میں مولانا فضل الرحمان صاحب کا کردار مسلسل نظر آرہا تھا۔

مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ یہ ملک اور ملت کی بڑی عظیم خدمت ہوئی ہے۔ مولانا فضل الرحمان ساری ساری رات جاگ کر ہر فرد سے ان ترامیم کیلئے ملے، یہ سچی بات ہے یہ ہم سب کیلئے بڑی نعمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم نہیں تھا کہ مولانا صاحب نے آج کوئی تقریب منعقد کی ہے میں تو مبارکباد کیلئے آیا، اللہ تعالیٰ مولانا فضل الرحمان کا سایہ ہمیشہ ہمارے سر پر سلامت رکھے۔

مولانا حنیف جالندھری

وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ مولانا حنیف جالندھری نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری پر کل تمام دینی مدارس میں دعائوں کا اہتمام اور شکرانے کے نوافل ادا کیے جائے، ہم مولانا فضل الرحمان کے مشکور ہیں۔