اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف وفاقی دارالحکومت میں شیڈول شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی کے اجلاس کے دوران پاکستان آنے والے مختلف ممالک کے وفود کے سربراہان سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسلام آباد میں 15 سے 16 اکتوبر تک ایس سی او کے رکن ممالک کے سربراہان حکومت کی کونسل آف ہیڈز کا 23واں اجلاس منعقد ہو گا، وزیر اعظم شہباز شریف کونسل آف ہیڈز کے چیئرمین کی حیثیت سے اجلاس کی صدارت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کوںسل کے رکن ممالک کی نمائندگی چین، روس، بیلاروس، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان کے وزرائے اعظم کریں گے، ایران کے پہلے نائب صدر اور بھارت کے وزیر خارجہ بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایس سی او سربراہی اجلاس میں مبصر ریاست کے طور پر منگولیا کے وزیر اعظم اور ترکمانستان کے نائب چیئرمین کابینہ اور وزیر خارجہ خصوصی مہمان کے طور پر شرکت کریں گے۔
ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اجلاس کے موقع پر مختلف وفود کے سربراہان سے اہم دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، اجلاس میں معیشت، تجارت، ماحولیات اور سماجی اور ثقافتی روابط کے شعبوں میں جاری تعاون پر بات چیت کی جائے گی اور تنظیم کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اجلاس کے دوران رکن ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے اہم فیصلے کیے جائیں گے اور تنظیم کے بجٹ کی منظوری دی جائے گی۔