Judge Orders

وزیراعلیٰ کے پی علی گنڈاپور کی نااہلی کے لیے دائر درخواست اعتراض کے ساتھ واپس

پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی نااہلی کے لیے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی، تاہم عدالت نے اس پر اعتراض لگا کر واپس کردیا۔

عزیز الدین کاکاخیل ایڈووکیٹ کی جانب سے پشاور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے اپنے حلف کی خلاف ورزی کی، لہٰذا آرٹیکل 62 کے تحت انہیں نااہل کیا جائے۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ علی امین گنڈا پور نے جلسوں کے لیے سرکاری وسائل استعمال کیا، علی امین گنڈاپور صوبے کے وزیراعلیٰ ہیں اور سیاسی مقاصد کے لیے سرکاری وسائل استعمال کرنا غیرقانونی ہے۔ علی امین گنڈا پور نے لشکر کے ساتھ وفاقی دارالحکومت پر چڑھائی کی، جو تشویش ناک ہے۔

پشاور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں وزیر اعلیٰ کو کام سے روکنے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست گزار نے اپنی درخواست میں وزیراعلیٰ و گورنر خیبرپختونخوا، وفاقی اور صوبائی حکومت، الیکشن کمیشن اور آئی جی خیبرپختونخوا کو فریق بنایا ہے۔

بعد ازاں پشاور ہائی کورٹ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی نااہلی کے لیے دائر درخواست پر اعتراض لگا کر واپس کردیا ، جس کی وجہ سے نااہلی کی درخواست پشاور ہائیکورٹ میں جمع نہ ہوسکی۔ درخواست کے متن میں کہا گیا تھا کہ وزیر اعلیٰ نے بڑے ہجوم کے ساتھ پنجاب اور وفاق کا رخ کیا، انہوں نے پنجاب اور وفاق میں مختلف قوانین توڑے۔ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے وزیر اعلیٰ عوام کو وفاق کے خلاف اکسا رہے ہیں۔