national Assembly

قومی اسمبلی: آئینی ترامیم آج کے بجائے کل پیش کیے جانے کا امکان

آئینی ترامیم کا مجوزہ پیکیج آج کے بجائے کل اتوار کو قومی اسمبلی میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق آئینی ترامیم بل 2 ارکان اسمبلی کے بیرونِ ملک ہونے کی وجہ سے آج پیش نہ کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ حمزہ شہباز فرانس سے اور مولانا عبدالغفور حیدری چین سے آج وطن واپس پہنچ جائیں گے۔

اعلیٰ حکومتی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ آئینی ترامیم کل پارلیمنٹ میں پیش کی جا سکیں گی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس کل بروز اتوار بلائے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب قومی اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس کا 6 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے، جس میں آئینی ترامیم شامل نہیں ہیں۔

پارلیمانی ذرائع کا کہنا ہے کہ آئینی ترامیم ضمنی ایجنڈے کے تحت کسی بھی وقت اجلاس کے دوران لائی جا سکتی ہیں۔

قومی اسمبلی میں آئی پی پیز کو ناقابلِ برداشت استعدادی چارجز سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس پر بحث ایجنڈے کا حصہ ہے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران صدرِ مملکت کے پارلیمنٹ سے خطاب پر اظہارِ تشکر کی تحریک پیش کی جائے گی۔