PIA Boeing 777

دبئی میں پی آئی اے کے ریجنل سیلز مینجر پر خواتین کوہراساں کرنے کے الزامات

لاہور: دبئی میں پی آئے اے کے ریجنل سیلز مینجرذیشان احمد کے خلاف خواتین کو ہراساں کرنے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق دبئی کے جنرل سیلز ایجنٹ دناتا کی جانب سے پی آئی اے کو شکایت موصول ہونے کے بعد پی آئی اے انتظامیہ نے متعلقہ افسر کے خلاف تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پی آئی اے کے دبئی میں تعینات سیلز مینجر کیخلاف خواتین کو ہراساں کرنے کی متعدد شکایتیں موصول ہوئیں۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ذیشان احمد کی جانب سے دناتا کی خاتون ملازم کو ہراساں کرنے سے متعلق شکایات موصول ہوئی تھیں پی آئی اے کے سیلز ریجنل منیجر کی جانب سے خواتین کو ہراساں کرنے سے متعلق انتظامیہ کو ای میل کے ذریعے آگاہ کیا گیا اور ثبوت مہیا کئے گئے۔ اس قبل دبئی کی ایک خاتون نے وفاقی محتسب برائے ہراسگی میں بھی ذیشان کے خلاف درخواست دائر کررکھی ہے جو زیر سماعت ہے۔

پی آئی اے نے فوری طور پر مذکورہ ریجنل مینجر کو دبئی سے ہٹا دیا ہے۔ پی آئی اے کی انتظامیہ کام کی جگہوں پر خواتین کی ہراسگی پر زیرو ٹالرینس پالیسی اپناتی ہے۔ معاملے کی تحقیقات کی جائیں گی اور دعوی ثابت ہونے پر انتظامی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔