PTI Jalsa

اسلام آباد انتظامیہ کاپولیس کوجلسہ این او سی کی خلاف ورزی پرکارروائی کاحکم

اسلام آباد: ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) اسلام آباد کی جانب سے پی ٹی آئی کی اس خلاف ورزی پر نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کا طے شدہ وقت سے زائد وقت تک جلسہ جاری ہے، جس پر انتظامیہ نے پولیس کو کارروائی کی ہدایت کردی۔

ڈی سی اسلام آباد نے این او سی کی خلاف ورزی کرنے پر جاری نوٹیفکیشن میں این او سی کی خلاف ورزی پر انتظامیہ اور پولیس افسران کو کارروائی کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

دوسری جانب ترجمان اسلام آباد پولیس نے کہا کہ روٹ کی خلاف ورزی کرکے آنے والے شرکا نے پولیس پر شدید پتھراؤ کیا، جس سے ایس ایس پی سیف سٹی اور متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ہیں جبکہ مظاہرین کی جانب سے پولیس پر شدید پتھراؤ کا سلسلہ جاری ہے۔

اس سے قبل ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا تھا کہ جلسے میں شرکت کیلئے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے روٹ متعین کردیے گئے ہیں، متعین روٹس کے علاوہ پیدل، موٹر سائیکلوں یا گاڑی پر جلسہ گاہ کی طرف سفر منع ہے اور اس کی قانوناً اجازت نہیں ہوگی۔

متعین کردہ راستوں کی خلاف ورزی پر سخت سے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کو فوری گرفتار کیا جائے گا۔

پولیس کا کہنا تھ کہ اسلام آباد میں پرامن اجتماع کا قانون بن چکا ہے جو کہ نافذالعمل بھی ہے، قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن ہوگا۔