Israel Attack on Palestine

اسرائیلی فوج کے حملوں میں 16 فلسطینی شہید

تل ابیب: اسرائیلی فوج کے مغربی کنارے کے علاقے جنین میں کئی گئی چھاپا مار کارروائی کے دوران حماس کے ایک سرکردہ کمانڈر وسام حازم شہید ہوگئے۔

عرب میڈیا کے مطابق جنین میں آج مسلسل تیسرے روز بھی اسرائیلی فوج کی جارحیت جاری رہی۔ اسی طرح طولکرم میں پناہ گزین کیمپوں پر حملوں کا سلسلہ جاری رکھا۔

گزشتہ روز اسلامی جہاد گروپ کے کمانڈر کی شہادت کے بعد اسی علاقے میں حماس کے عسکری کمانڈر وسام حازم کو بھی شہید کردیا گیا۔

علاوہ ازیں ایک کار پر ڈرون حملہ کیا گیا۔ خطرے کو بھانپتے ہوئے حماس کے مقامی کمانڈرز جانیں بچانے کے لیے کار سے نکل کر ایک گھر کی طرف بھاگے لیکن اسرائیلی ڈرون نے ان کا تعاقب کرکے نشانہ بنایا۔

اس طرح اسرائیل کے حملے میں آج حماس کے 3 اہم کمانڈرز شہید ہوگئے۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گاڑی سے بھاری اسلحہ اور بڑی مقدار میں کرنسی ملی ہے۔ تاہم حماس کی جانب سے اس دعوے پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔

دوسری جانب صرف آج مغربی کنارے میں اسرائیل کے حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 16 ہوگئی، اس طرح 7 اکتوبر سے جاری غزہ جنگ کے دوران مغربی کنارے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 650 سے تجاوز کرگئی۔