کچے میں سندھ پولیس اور رینجرز کا آپریشن، انتہائی مطلوب ڈاکو ہلاک

کندھ کوٹ: پاکستان رینجرز سندھ اور پولیس سے کچے کے علاقے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کے دوران انتہائی مطلوب ڈاکو ہلاک جبکہ دو ساتھی زخمی ہوئے، فائرنگ کے تبادلے میں ایک اہلکار شہید جبکہ دو زخمی ہوگئے۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق کچے کے علاقے میں کارروائی کے دوران ڈاکوؤں نے فائرنگ کی جس پر جوابی کارروائی میں ایک مطلوب ڈاکو ہلاک اور دو زخمی حالت میں فرار ہوگئے، جن کی تلاش کیلیے چھاپے کیلیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

ترجمان رینجرز سندھ کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں کانسٹیبل لاشاری ڈاکوؤں کے ساتھ بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگیا جس کا تعلق کندکوٹ سے تھا جبکہ 2 اہلکار زخمی ہوگئے جنھیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ترجمان کے مطابق مقابلے میں مارے جانے والے ڈاکو کی شناخت مالگزار کے نام سے کی گئی جو کہ بھلکانی ڈاکو کا بھائی ہے جس کی حکومت سندھ سر کی قیمت بھی مقرر کی ہے جبکہ ہلاک ڈاکو متعدد مقدمات میں بھی نامزد تھا۔

سندھ رینجرز نے علاقے کا محاصرہ کر کے 6 مشکوک افراد کو بھی پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا ہے جبکہ آپریشن کے دوران رینجرز اور پولیس نے ڈاکوؤں کے ٹھکانے کو بھی تباہ کر دیا ہے ۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی کندھ کوٹ کے کچے میں رینجرز اور پولیس کی کامیاب آپریشن اور کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری پولیس اور رینجرز نے اغوا برائے تاوان اور لوٹ مار میں ملوث ڈاکو کو جہنم رسید کیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہید پولیس کانسٹیبل کی جرأت اور بہادری کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہید کانسٹیبل کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت اور لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہید پولیس کانسٹیبل نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی قیمتی جان کی پروا کیے بغیر ڈاکوؤں سے مقابلے میں جام شہادت نوش کیا۔