بلوچستان میں خودکش حملے میں مسنگ پرسن طیب بلوچ کے ملوث ہونے کا انکشاف

کوئٹہ: لاپتہ افراد کے نام پر بلوچ لبریشن آرمی کے ڈرامے کا ڈراپ سین ہوگیا۔

دہشتگرد تنظیم بی ایل اے کی ملکی اداروں کو بدنام کرنے کی ایک اور سازش بے نقاب ہوگئی۔ رواں سال اپریل میں جس شخص کے نام سے مسنگ پرسن کی ایف آئی آر درج کرائی گئی آج اسی شخص کی شناخت ہوئی۔

دہشتگرد تنظیم بی ایل اے نے طیب بلوچ عرف الیاس لالا ولد مولا بخش کو لاپتہ شخص قرار دے کر ایف آئی آر درج کرائی تھی۔ بیلہ میں ایف سی کیمپ پر خودکش حملے میں طیب بلوچ کی شناخت ہو گئی۔ طیب بلوچ عرف الیاس لالا نوشکی کا رہائشی تھا۔

بلوچ لبریشن آرمی کا یہ وطیرہ رہا ہے کہ اپنے سرکردہ دہشتگردوں کو لاپتہ افراد کی فہرست میں ڈال کر اپنے مکروہ مقاصد حاصل کرتی ہے۔

اس سے قبل بھی بی ایل اے لاپتہ افراد کے نام پر اپنی سیاست چمکا چکی ہے اور متعدد لاپتہ افراد دہشت گردی کرتے ہُوئے مارے گئے ہیں جن میں دہشتگرد کریم جان ولد فضل بلوچ، امتیاز احمد ولدرضا محمد ، عبدالودود ساتکزئی شامل ہیں۔