Golimar Firing

کراچی؛ مذہبی جماعت کی ریلی پر فائرنگ، 2 افراد جاں بحق

کراچی: شہرقائد کے علاقے گولیمار میں مذہبی جماعت کی ریلی پر فائرنگ کے واقعے میں 2 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے، مشتعل افراد نے گاڑیوں کو آگ لگادی، وزیرداخلہ سندھ نے جلاؤ گھیراؤ اور فائرنگ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔

مذہبی جماعت کی ریلی گولیمار کے علاقے سے گزر رہی تھی کہ نامعلوم ملزمان کی جانب سے ریلی کے شرکا پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔

فائرنگ کے واقعے کے بعد علاقے میں صورتحال کشیدہ ہوگئی اور مشتعل افراد نے کئی گاڑیوں کو آگ لگا دی، جن میں ایک کوچ، تین موٹر سائیکلیں، ایک رکشہ، ایک شہزور ٹرک اور ایک ہائی روف شامل ہے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کے مطابق پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی ہے اور کشیدہ صورتحال پر قابو پالیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی ویسٹ اور رینجرز کے ونگ کمانڈر جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔

کراچی پولیس چیف نے کہا کہ رینجرز کی بھاری نفری بھی پہنچ رہی ہے، اور فائرنگ میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔

دریں اثنا وزیرداخلہ سندھ ضیالنجار نے پولیس حکام سے گولیمار واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے جلاؤ گھیراؤ اور فائرنگ میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔

وزیرداخلہ سندھ نے ہدایت کی ہے کہ پولیس فوری طور پر امن وامان کو کنٹرول کرنے کے اقدامات کرے اور واقعے میں جو بھی ملوث ہے اسے فوری گرفتار کیا جائے۔

ضیا لنجار کا کہنا تھا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے اور امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔