Foriegn Office

دفترخارجہ میں اپسٹائل سروس کا افتتاح، دستاویزات کی فراہمی کوریئر کے ذریعے ہوگی

اسلام آباد: دفترخارجہ میں اپسٹائل سروس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا اور اس سروس کے تحت دستاویزات 5کورئیر کمپنیوں کے ذریعے فراہم اور موصول کیے جاسکیں گے اور آن لائن اپوسٹیل ایپلیکیشن سسٹم بھی متعارف کرادیا گیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دفتر خارجہ میں اپسٹائل سروس کی باقاعدہ لانچنگ کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے خصوصی شرکت کی اور اس حوالے سے منعقدہ کنونشن سے خطاب کیا، ان کے علاوہ وزارت خارجہ، وزارت آئی ٹی، اور این آئی ٹی بی کے حکام نے شرکت کی۔

ترجمان نے کہا کہ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے عوامی سہولت کی سروس سے متعلق شرکا کو آگاہ کیا اور ہدایت کی کہ افسران مؤثر عوامی خدمات کی فراہمی کے سلسلے میں مزید متحرک رہیں۔

دفترخارجہ کے مطابق اپسٹائل سروس کا آغاز وزارت خارجہ اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ اور گجرات میں قائم دفاتر میں کر دیا گیا ہے اور دستاویزات 5 کورئیر کمپنیوں کے ذریعے فراہم اور موصول کی جاسکتی ہیں۔

ترجمان نے بیان میں کہا کہ آج سے وزارت خارجہ نے ایک “آن لائن اپوسٹیل ایپلیکیشن سسٹم” بھی متعارف کرایا دیا ہے۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ سسٹم کے تحت کوئی بھی فرد اپنا پروفائل بنا کر اور حبیب بینک لمیٹڈ کی جانب سے متعارف کرائی گئی “آن لائن ادائیگی ایپ” کے ذریعے براہ راست دستاویزات جمع کر کے اپوسٹیل کے لیے آن لائن درخواست دے سکتا ہے۔