انٹرنیٹ کی وجہ سے کاروبار کے ساتھ بندرگاہوں پر بھی کام متاثر ہوا، وزیر بحری امور

کراچی: وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ انٹرنیٹ متاثر ہونے سے جہاں ملک بھر میں کاروبار متاثر ہوا ہے اس کے اثرات کراچی پورٹ اورپورٹ قاسم پربھی پڑے ہیں۔

کراچی میں لاجسٹک، میری ٹائم افیئرز اور بلیو اکانومی (کولمب 24) سے متعلق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قیصر احمد شیخ نے کہا کہ تاجروں کی ہڑتال سے امپورٹ پرکوئی فرق نہیں پڑے گا، تاجروں سمیت ہرایک کوٹیکس ادا کرنا ہوگا، ہڑتال کے حوالے سے تاجروں سے مشاورت کریں گے ان کے تحفظات کودور کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی جوملک میں ٹیکس جمع ہورہاہے وہ بہت کم ہے، یورپی شپنگ کمپنی سےدوارب ڈالرکی سرمایہ کاری پرایم اویو پر اگلے ماہ تک دستخط ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت انتھک محنت کر رہی ہے اور اب ملک کی ترقی اور بہتری کے لیے مختلف میٹنگز ہو چکی ہیں لیکن عمل درآمد ایک اہم مسئلہ رہا ہے جسے حل کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں ان کی حکومت بندرگاہوں کی استعداد کار کو بہتر بنانے اور رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ ایک یورپی کمپنی پاکستان میں دلچسپی رکھتی ہے اور جلد ہی ایک ایم او یو پر دستخط کیے جائیں گے جس سے پاکستان کو لاکھوں ڈالر ملیں گے.