Sindh Government

گورنر سندھ، وزیراعظم سے تمام صوبوں کیلیے ریلیف کا مطالبہ کریں، ترجمان حکومت سندھ

کراچی: حکومتِ سندھ کی ترجمان و ایم پی اے سعدیہ جاوید نے کہا ہے کہ کامران ٹسوری وزیراعظم سے مطالبہ کریں کہ تمام صوبوں کے لیے ریلیف کا اعلان کیا جائے۔

گورنر سندھ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان حکومت سندھ سعدیہ جاوید نے کہا کہ گورنر کامران ٹسوری رٹے رٹائے جملے ادا کرنے کے بجائے حقیقت پسند بنیں، ملک اس وقت توانائی بحران میں جکڑا ہوا ہے اور فرمائشی پروگرام بحرانوں کا حل نہیں ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ بے تکی باتیں اور پوائنٹ اسکورنگ کا رجحان ملک و قوم کے لیے سودمند نہیں ہوسکتا، کامران ٹسوری وزیراعظم سے مطالبہ کریں کہ تمام صوبوں کے لیے ریلیف کا اعلان کیا جائے۔

سعدیہ جاوید کا کہنا تھا کہ گورنر ، وزیراعظم کو بتائیں کہ نوازشریف نے ایک صوبے کے لیے اعلان کرکے اچھا تاثر نہیں دیا۔ گورنر ان سے کہیں کہ بہتر ہوتا اگر ایک صوبے کے بجائے وزیراعظم کی جانب سے پورے ملک کے لیے ریلیف کا اعلان کیا جاتا،۔

انہوں نے کہا کہ گورنر ٹسوری، وزیراعظم کو بتائیں کہ حکومتِ سندھ نے توانائی بحران کے حل کے لیے نتیجہ خیز اقدام کیے ہیں، سندھ واحد صوبہ ہے جو انتہائی سستی بجلی پیدا اور نیشنل گرڈ میں شامل کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گورنر ٹسوری بتائیں کہ تھرکول سے 13 روپے اور ونڈ انرجی سے 9 روپے فی یونٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کی جارہی ہے، وہ وزیراعظم سے پوچھیں کہ پنجاب کے لیے ریلیف میں خود صوبے کا اور وفاق کا کتنا حصہ ہے۔

ترجمان حکومت سندھ نے کہا کہ کامران ٹسوری خاطر جمع رکھیں، حکومتِ سندھ بجلی کے بلوں کے ستائے عوام کے لیے جلد اہم اعلان کرے گی۔