Adyala Jail

عمران خان کی مبینہ سہولتکاری پر زیرِ تحویل سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل گھر پہنچ گئے

راولپنڈی: عمران خان کی مبینہ سہولتکاری پر تحویل میں لیے گئے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل گھر پہنچ گئے۔

ذرائع کے مطابق بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی مبینہ طور پر سہولت کاری کے الزام میں تحویل میں لیے گئے اڈیالہ جیل کے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ظفر اقبال گھر پہنچ گئے۔

سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کو 13اگست کو پوچھ گچھ کے لیے تحویل میں لیا گیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ظفر اقبال جمعہ کی سہ پہر اچانک اڈیالہ جیل کے قریب اپنی رہائش گاہ پہنچے۔ ظفر اقبال کے گھر پہنچنے پرلاپتا اسسٹنٹ ناظم شاہ کی فیملی نے بھی ملاقات کی۔

ظفر اقبال نے فیملی سے ملاقات میں ناظم شاہ کے بارے لاعلمی کا اظہارکیا۔

دوسری جانب سابق آئی جی جیل خانہ جات پنجاب مرزا شاہد سلیم بیگ بھی گھر پہنچ گئے اور انہوں نے حساس اداروں کی جانب سے حراست میں لیے جانے کی تردید کی ہے۔

مرزا شاہد سلیم بیگ نے گھر پہنچنے کے بعد ایک وڈیو بنا کر شیئر کی جس میں ٹی وی پر اُن کے حراست میں لیے جانے کی خبر چل رہی تھی۔ ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ اپنے ہی گھر میں اپنی گرفتاری کی خبر چائے کی چسکی لیتے ہوئے سُن رہا ہوں، اسے زرد صحافت کہتے ہیں۔