مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی جاری؛ 4 نوجوان شہید

سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی کی فائرنگ میں مزید 4 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع ڈوڈا کے جنگل میں بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کی آڑ میں اندھا دھند فائرنگ کرکے 4 نوجوانوں کو شہید کردیا اور لاشیں پولیس کے حوالے کردیں۔

قابض بھارتی فوج کی فائرنگ میں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی جب کہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے لاشیں لواحقین کے حوالے سے کرنے سے انکار کردیا۔

اسی علاقے میں بھارتی فوج کا ایک کیپٹن بھی مارا گیا۔ کشمیر کی بھارت نواز کٹھ پتلی انتطامیہ نے الزام عائد کیا ہے کہ کیپٹن کو انہی نوجوانوں نے گولیاں مار کر ہلاک کیا جس پر جوابی کارروائی میں نوجوان مارے گئے۔

بھارتی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ان نوجوانوں کے پاس سے امریکی ساختہ اسلحہ اور 4 بیگز برآمد ہوئے جن میں مختلف آلات اور لاجسٹک سامان تھا۔ یہ نوجوان مقابلے میں زخمی ہونے کے بعد فرار ہوگئے تھے۔

تاحال واضح نہیں ہوسکا کہ اگر یہ نوجوان مقابلے کے بعد زخمی حالت میں فرار ہوگئے تھے تو ان کی لاشیں بھارتی فوج کو کیسے اور کہاں سے ملیں۔

ادھر حریت رہنماؤں کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج نے ان نوجوانوں کو حراست میں لینے کے بعد ماورائے عدالت قتل کیا۔