بلوچستان میں شمسی توانائی منصوبے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلیے اہم قدم ہے، اسپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ بلوچستان میں شمسی توانائی منصوبے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے اہم قدم ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں منعقدہ ریجنل پارلیمنٹرینز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ جاپان کی وزیر مملکت توشیکو آبے سمیت تمام ملکی و غیر ملکی معززین کو تقریب میں خوش آمدید کہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو مکمل طور پر بااختیار بنائے بغیر گرین اکانومی، پائیدار ترقی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔

سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ خواتین کو با اختیار بنانے اور پائیدار ترقی کے حصول کے لیے اجتماعی کوششوں کی اہمیت کو رد نہیں کیا جا سکتا۔ خواتین کو با اختیار بنانے اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے پارلیمان بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ پارلیمنٹ میں جینڈر مین اسٹریمنگ کمیٹی کا قیام ملک میں خواتین کو با اختیار بنانے میں اہم قدم ہو ثابت ہو گا۔ خواتین کے خلاف نازیبا الفاظ کا استعمال ناقابل قبول ہے۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک عالمی مسئلہ ہے۔ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے ہر سطح پر تسلسل سے اقدامات کر رہے ہیں۔ پاکستان کے پارلیمان کو دنیا کا پہلا گرین پارلیمنٹ ہونے یا اعزاز حاصل ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے بلوچستان میں اربوں روپے کے شمسی توانائی منصوبے کا آغاز موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے اہم قدم ہے۔ کوآرڈینیٹر ٹو پرائم منسٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم کو اس اہم معاملے پر ریجنل کانفرنس منعقد کروانے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ امید ہے کہ یہ کانفرنس ہماری پائیدار ترقی کی کوششوں کہ حصول میں مددگار ثابت ہوگی۔