آلو کی فصل کی پیداوار بڑھانے کیلیے اسلام آباد میں ’’سیڈ پوٹیٹو کمپلیکس‘‘ قائم

اسلام آباد: ایس آئی ایف سی کے تعاون سے پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل اور کورین پروگرام آن انٹرنیشنل ایگریکلچر نے مقامی آلو کی فصل کی پیداوار بڑھانے کے لیے اسلام آباد میں ’’سیڈ پوٹیٹو کمپلیکس‘‘ قائم کر دیا۔

جنوبی کورین سفیر کی سربراہی میں کورین وفد نے ’’سیڈ پوٹیٹو کمپلیکس‘‘ کے حوالے سے وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین سے اہم ملاقات بھی کی۔ کورین سفیر نے جدید زرعی ٹیکنالوجی کی منتقلی اور پاکستانی کاشتکاروں کو جدید ٹیکنالوجی کے بارے میں ضروری تربیت فراہم کرنے پر زور دیا۔

رانا تنویر حسین نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور دوستانہ تعلقات پر زور دیتے ہوئے باہمی ترقی اور زراعت کے فروغ کے ذریعے ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

اس حوالے سے وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک زرعی ٹیکنالوجی کی منتقلی کے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں اور یہ دوطرفہ تعاون مقامی زرعی پیداوار اور شعبے کی ترقی میں اضافہ کرے گا۔

اسی ریسرچ سینٹر میں ’’ایروپونک گرین ہاؤس‘‘ کا قیام بھی آلو کے بیج کے معیار میں بہتری لانے اور جدید تحقیق میں مددگار ثابت ہوگا۔ ’’ایرو پونک گرین ہاؤس‘‘ فصل کی پیداوار بڑھانے کے لیے زراعت کے شعبے میں استعمال ہونے والی ایک جدید تکنیک ہے۔

کورین پروگرام آن انٹرنیشنل ایگریکلچر کے تعاون سے پاکستان کو خوراک کی قلت جیسے چیلنجز سے نمٹنے اور پائیدار زرعی ترقی میں معاونت ملے گی۔

پاکستان اور کورین حکومت کا زراعت کے شعبے میں یہ اہم اقدام خوراک کی ضرورت پورا کرنے کے ساتھ ملکی معیشت کی مضبوطی کا بھی ضامن ہے۔