قومی ہیرو ارشد ندیم کو لانے والا طیارہ پاکستان کی حدود میں داخل

لاہور: قومی ہیرو ارشد ندیم کو لانے والا طیارہ پاکستان کی حدود میں داخل ہو گیا، طیارہ پاکستانی وقت کے مطابق رات 1 بجکر 3 منٹ پر علامہ اقبال ایئرپورٹ پر لینڈ کریگا۔

لاہور ائیر پورٹ پر پنجاب پولیس بینڈ کے ذریعے ارشد ندیم کا والہانہ استقبال کیا جائے گا۔ پولیس نے اولمپئین ارشد ندیم کو تاریخ ساز وی وی آئی پی پروٹوکول دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

لاہور ایئرپورٹ کا وی ائی پی لائونج شہریوں سے خالی کروا کر سکیورٹی لگا دی گئی، صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب، رانا مشہود اور عظمیٰ بخاری لاہور ایئرپورٹ پر موجود ہیں۔

پولیس کی جانب سے ڈیڑھ سو سے زائد پولیس اہلکار و افسران ارشد ندیم کو سیکیورٹی فراہم کریں گے، ارشد ندیم کے قافلے کے آگے ٹریفک پولیس کا پائلٹ ہو گا، ارشد ندیم کی گاڑی کے آگے پیچھے ایلیٹ کی گاڑیاں موجود ہونگی۔

پولیس حکام کے مطابق ارشد ندیم کے پروٹوکول کےلئے ٹریفک پائلٹ اور ڈی ایس پی رینک کا افسر اختتامی حدود تک ساتھ ہوں گے، متعلقہ ڈویژنل ایس پیز اپنے علاقہ میں متعلقہ ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کے ساتھ ریسیو کریں گے۔

ارشد ندیم کے گاؤں میاں چنوں چک 101 میں اسپیکر پر اعلان کرایا گیا کہ جس نے ارشد ندیم کو ایئر پورٹ لینے جانا ہے وہ تیار ہو جائے۔ ارشد ندیم کے گاؤں کے لوگوں کو لاہور ایئر پورٹ لے جانے کے لیے سرکاری بسوں کا انتظام کیا گیا۔

اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم ایشیاء ایتھلیٹکس کے نائب صدر و چیئرمین سائوتھ ایشیاء اتھلیٹکس میجر جنرل ریٹائرڈ محمد اکرم ساہی کے ہمراہ پیرس سے واپس وطن روانہ ہوگئے۔

ٹریفک انتظامات مکمل

لاہور ٹریفک پولیس نے لاہور ائیرپورٹ سے ملحقہ شاہراہوں پر ٹریفک انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔

سی ٹی او لاہور کے مطابق لاہور ٹریفک پولیس رنگ روڈ پولیس کے ہمراہ انتظامات کو یقینی بنائے گی۔

ایس پی منیر ہاشمی کی زیر نگرانی 06 انسپکٹرز،42 وارڈنز تعینات ہونگے۔

رش کے پیش نظر سروس روڈ رنگ روڈ،عسکری10 اور ائیرپورٹ روڈ پر انتظامات کئے جائیں گیں.