MQM Pakistan

گورنر سندھ کی تبدیلی سے متعلق خبر پر ایم کیوایم کا مؤقف سامنے آگیا

کراچی: گورنر سندھ کی تبدیلی کے معاملے پر ایم کیو ایم کے چیئر مین ڈاکٹر خالد مقبول کا مؤقف سامنے آگیا، انہوں نے کہا کہ اگر حکومت ایسا کوئی فیصلہ کرتی تو ہمیں اعتماد میں لیا جاتا، یہ صرف افواہیں ہیں۔

ایم کیو ایم کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول نے کہا کہ آج وزیراعظم شہباز شریف صبح آٹھ بجے سے میرے ساتھ ہیں انھوں نے ایسا کچھ نہیں بتایا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم ہر فیصلے میں ہمیں اعتماد میں لیتے ہیں اگر ایسا کچھ ہوتا تو اس پر بھی اعتماد میں لیتے۔ لہٰذا ایسا کچھ نہیں ہونے والا، یہ صرف افواہیں ہیں۔

ڈاکٹر خالد مقبول نے کہا کہ ایسی خبریں چلتی رہتی ہیں اگر ایسی کوئی بات ہوتی ہے تو پھر ایم کیو ایم قیادت بیٹھے گی اور اپنا فیصلہ اور لائحہ عمل بنائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم حکومت کے اہم اتحادی ہیں ، کابینہ میں شامل ہیں ، اگر اس میں صداقت ہوتی تو ہمیں ضرور پتہ ہوتا۔