Balochistan Government

بلوچ یکجہتی کمیٹی اور حکومت بلوچستان کے درمیان معاملات طے پاگئے

کوئٹہ: بلوچستان میں 28 جولائی سے جاری دھرنے کے گیارہویں روز بلوچ یکجہتی کمیٹی اور حکومت کے درمیان معاملات طے پا گئے۔

معاہدے کے تمام نکات پر عمل درآمد کے لیے کمیٹی قائم کر لی گئی۔ مطالبات پر عمل درآمد ہونے پر گوادر دھرنے کے شرکاء آج ریلی کی صورت میں تربت پہنچیں گے۔

صوبائی وزیر ظہور بلیدی کی سربراہی میں کمشنر مکران ڈویژن، ڈپٹی کمشنر گوادر اور ایس ایس پی پر مشتمل مذاکراتی کمیٹی نے مذاکرات کیے۔ بلوچ یکجہتی کمیٹی نے مذاکرات میں حکومت کے سامنے اپنے مطالبات رکھے جن میں گرفتار کارکنوں کی رہائی، مقدمات کا خاتمہ اور عام عوام کے نقصانات کا ازالہ شامل ہیں۔

مذاکرات میں طے پایا گیا کہ پرامن اجتماع پر طاقت کا استعمال نہیں ہوگا اور محکمہ داخلہ بلوچستان ایک نوٹیفکیشن جاری کرے گا، گوادر اور مکران کی تمام شاہراہیں کھول دی جائیں گی اور نیٹ ورک بحال کیا جائے گا۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی کے مطابق گوادر سے تربت کی جانب مارچ کریں گے اور وہاں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔