بھارت کی ریاست کیرالہ میں لینڈ سلائیڈنگ سے ہلاکتوں کی تعداد 215 ہوگئی

کیرالہ: بھارت کی جنوبی ریاست کیرالہ میں رواں ہفتے بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہلاکتوں کی تعداد 215 ہوگئی ہے اور 206 تاحال لاپتہ ہیں۔

غیرملکی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ریاست کیرالہ کے عہدیداروں نے کہا کہ لینڈسلائیڈنگ سے ہلاکتوں کے علاوہ 206 افراد لاپتا ہیں جن کی تلاش کا کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع ویاناد میں لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ منگل کو پیش آیا تھا جس کے بعد امدادی کام شروع کردیا گیا جو پانچویں روز بھی جاری ہے۔

کیرالہ کے وزیراعلیٰ پنارائی ویجایان کا کہنا تھا کہ تلاش کا کام تقریباً مکمل ہونے والا ہے۔

حکومتی عہدیدار کا کہنا تھا کہ حکومت کا لینڈ سلائیڈنگ سے متاثر ہونے والے افراد کی بحالی کے لیے جامع منصوبہ بنا رہی ہے۔

ادھر شمالی ریاست ہماچل پردیش کے عہدیداروں نے کہا کہ جمرات کو کلاؤڈ برسٹ سے 6 افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ 47 افراد تاحال لاپتا ہیں۔