Balochistan Government

جسکی سوچ بلوچستان کو کمزور کرنا ہے انہیں آزاد نہیں چھوڑ سکتے، وزیراعلیٰ

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ جس کی سوچ بلوچستان کو کمزور کرنا ہے انہیں ہم آزاد نہیں چھوڑ سکتے۔

یوم شہدا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج کی تقریب کے مہمان خصوصی میں نہیں بلکہ شہدا کی فیملیز ہیں، شہدا ہمیں سال کے ہر روز یاد رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں بہت سی سازشیں کی گئیں لیکن دہشت گردی کی فالٹ لائنز کا قوم نے بھرپور دفاع کیا، بلوچستان میں ماضی میں دہشت گردی کا بازار گرم کیا گیا اور ہم نے اپنے شہدا کے خون کا بدلہ لیا ہے۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں مذہب اور قوم پرستی کے ذریعے دہشت گردی پھیلائی گئی، دہشت گردی کی تھریٹ کے لیے ہماری پولیس اور لیویز کافی ہے۔ بندوق اٹھانے والوں کا آمنے سامنے مقابلہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پر امن احتجاج کے نام پر عام شہریوں کو اغوا کیا گیا، خواتین کو ڈھال بنا کر بلوچستان کی روایات کو پامال کیا گیا لیکن یہ لڑائی صرف پولیس کی نہیں بلکہ ہم سب کی ہے۔ قوم پرستی کے نام پر عوام کی سوچ میں اس طرح کی چیزیں ڈالی گئیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ہمارے شہدا خوش قسمت ہیں جن کا خون اس ملک کے لیے گرا، شہدا کے لواحقین کے لیے حکومت ہر اقدام کرے گی، اس ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے اور پاکستان ہمیشہ قائم رہے گا۔