دھرنا پورے پاکستان اور نوجوانوں کی امید ہے، حافظ نعیم الرحمٰن

راولپنڈی: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ عوامی حقوق کے لیے دھرنا پورے پاکستان اور نوجوانوں کی امید ہے جو پاکستان کی تاریخ بدل دے گا۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے لیاقت باغ روڈ پر بڑے اجتماع جس میں خواتین کی بڑی تعداد بھی شریک تھی، سے دھواں دار خطاب کیا۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے آپ کو شدید گرمی میں دھرنا دینے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، آپ اگر پرعزم ہیں تو حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیں گے، کچھ لوگ اور قوتیں پاکستان کے نوجوان کو مایوس کرنا چاہتی ہیں.

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمنوں کو منہ کی کھانا پڑے گی، جماعت اسلامی کے دھرنے میں ہر صوبے کی نمائندگی ہے کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ ہم تقسیم ہوں گے تو وہ طاقتور ہوں گے، ہم متحد ہوگئے تو طبقہ بدمعاشہ کو شکست ہو جائے گی اور حقیقی معنوں میں ملک اشرافیہ اور ڈکیٹروں سے آزاد ہوگا۔

امیر جماعت اسلامی کا کہناتھا کہ جماعت اسلامی آگے بڑھ چکی ہے، اب پاکستان کا مستقبل جماعت اسلامی سے وابستہ ہے، لیڈروں کی سمجھ نہیں ن لیگ ق لیگ ڈال لیگ کیا ہے ہر کوئی اچھل کر ادھر ادھر ہوکر ہم پر مسلط ہوتے ہیں، انہوں نے ہی آئی پی پیز کو ہم پر مسلط کیا ہے، 23 فیصد تو بین الاقوامی آئی پی پی پیز ہیں، یہ سمجھتے ہیں ہم بے وقوف ہیں، آئی پی پیز سے ہر طبقہ پریشان ہے، صرف خوشحال ہیں تو چند لوگ۔

امیر جماعت کا کہنا تھا کہ جاگیر دار سرمایہ داروں کا طبقہ جرنیلوں اور عدلیہ کے ججوں میں بھی موجود ہوتا ہے جنہوں نے اپنے انتظامات بیرون ملک کررکھے ہیں، وہ چاہتے ہیں ریٹائر ہوں تو نوکری مل جائے یا بیرون ملک چلے جائیں، ان سے لڑنا پڑے گا مزاحمت کرنا پڑے گی، آپ نے تاریخ رقم کردی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے انکشاف کیا کہ اسلام آباد میں کنٹینرز لگا کر فساد کی سازش کی گئی لیکن ہم نے ان کو شکست دی، انھیں بتا دیا کہ کنٹینرز روک نہیں سکتے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہناتھا کہ نظام رشوت اور جھوٹ کو پروموٹ کرنے کا نظام بن چکا ہے، یہ صرف حرام کے راستے کھولتا ہے، ہمارے مطالبات کے نتیجے میں اگر تنخواہ داروں کو ریلیف دیں گے، پٹرول ستا کریں گے تو جان لیں دھرنا اسی صورت ختم ہو گا جب مطالبات پورے ہوں گے لیکن تحریک اس کے بعد اس نظام کو بدلنے تک چلے گی، مایوسی کی ضرورت نہیں۔

امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھاکہ پاکستانیو میں جانتا ہوں تمھارے ووٹ اور تمھاری آزادی کو کچلا گیا ہے، میں تمھاری تکلیفوں کو جانتا ہوں، میرے ہاتھوں میں ہاتھ ڈالو ہم اس پاکستان کو نوجوانوں کا غریب کا پاکستان بنائیں گے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھاکہ آئی پی پیز کی صورت میں جو ظلم کیا ہے کیا یہ چاہتے ہیں کہ یہ دھندہ چلتا رہے، حل ہم دیتے ہیں وہ یہ ہے کہ فراڈ کی بنیاد پر بنی آئی پی پیز کو فوراً بند کیا جائے، نیشنل گرڈ کو اپ گریڈ کریں، انفارمیشن ٹیکنالوجی کا دور ہے ٹرمپ آئندہ بائیس سال کی سوچ رہا ہے اور ہم یہ سوچ رہے ہیں کہ ان درندوں سے کیسے جان چھڑائیں۔ ونڈ ،ہائیڈرو اور سولر کو لیکر چلیں گے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھاکہ جنہیں کرپشن کرنی ہو وہ نہیں سمجھ سکتے ہمیں اپنے بچوں کا مستقبل چاہیے، پنجاب میں اسکولوں کو فروخت کیا جارہا ہے، تعلیم کو مزید کاروبار بنایا جارہا ہے، 13 ہزار اسکول فروخت نہیں کرنے دیں گے، ابھی تو اسکول کھولیں گے تو ان پر بھی بجلی کے بم گریں گے، پہلے ہی دو کروڑ بچے اسکول سے باہر ہیں، ہمارے بچوں کو پڑھنے دو، ایک نظام کے تحت تعلیم کا حق دو۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھاکہ چھوٹی چھوٹی چیزوں پر ٹیکس بڑھا دیے ہیں یہ سلسلہ اب نہیں چلے گا، ایک ہی راستہ ہے مزاحمت کرو اور تحریک کو آگے بڑھاؤ۔

امیر جماعت اسلامی نے مذاکراتی ٹیم کے بارے میں کہا کہ حکومتی ٹیم آئی لیکن یہ نہ سمجھا جائے کہ ڈاج دے دے گی، انھوں نے کہا کہ ٹیکنیکل کمیٹی بنائی ہے اس لیے ایک دن دے دیا لیکن یاد رکھو مطالبات کی منظوری تک مسئلہ حل نہیں ہونا، پی ڈی ایم کی جماعتوں سن لو کہ اگر تم فارم 47 کے ذریعے مسلط ہوگئے ہو یہ تمھاری بھول ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ کے امرا کو بھی مخاطب کیا کہ آپ دھرنے دینے کے لیے تیار ہو کیا وہاں بھی ایسے دھرنے دے سکتے ہیں، جگہ کا انتخاب کریں اعلان میں کروں گا۔ کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ والے بھی تیاری کریں، چاروں صوبائی ہیڈکوارٹر پر دھرنے ہوں گے، راولپنڈی اور اسلام آباد بھی دھرنے چلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جن جن کو مفت بجلی ،پیڑول ملتا ہے ختم کریں، اڑھائی سو ارب روپے میں صرف یہ سیاستدان اور بیوروکریسی ہمیں پڑتی ہے ان کی گاڑیاں بھی چھوٹی کرائیں گے طویل جہدوجہد ہے، تھکنا نہیں، دھرنا قوم کی امید بن چکا ہے اس لیے ہمت کریں تاکہ نوجوان مایوس نہ ہوں، کوئی بھی آندھی طوفان جماعت اسلامی کا راستہ نہیں روک سکتی، جماعت اسلامی کے کارکنوں کو کوئی حکومت شکست نہیں دے سکتی۔

امیر جماعت اسلامی راولپنڈی کو مخاطب کرکے انہوں نے کہا کہ دھرنے کے انتظامات بڑھا دیں، کل ہماری مائیں بہنیں اور نوجوان بزرگ اس قدر بڑی تعداد میں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کیپسٹی چارجز نہیں دے گی، سلیب سسٹم منظور نہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے تنبیہ کی کہ ابھی تو ہڑتال کہ کال دینی ہے جب وہ دوں گا تو پتا چل جائے گا، دھرنے بھی جاری رہیں گے، اگر تم سے چین سے بات نہیں ہوتی تو ہم چائنا سے بات کرلیں گے، برے وقت میں ہم نےبھی ان کا ساتھ دیا۔

امیر جماعت اسلامی نے شرکا کو مخاطب کرتے کہا کہ نظم و ضبط سب سے بڑی چابی ہے، اگر آپ کو اپنی قیادت پر اعتماد ہے تو وہ کبھی بھی آپ کو شرمندہ نہیں ہونے دے گی۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ جماعت اسلامی نظم و ضبط سے چلے گی، مجھے آپ نے یہاں پہنچایا ہے، آپ کی اجتماعیت نے مجھے بولنے کی طاقت دی ہے۔