Hizbullah Attack

گولان کی پہاڑیوں پر راکٹ حملے میں 10 اسرائیلی ہلاک

بیروت: اسرائیلی مقبوضہ گولان کی پہاڑیوں پر راکٹ حملے میں 10 اسرائیلی ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق صیہونی اور لبنانی مسلح گروپوں کے درمیان کئی مہینوں سے جاری لڑائی کے دوران یہ اب تک کا سب سے بڑا حملہ ہے جس پر اسرائیل کی جانب سے شدید ردعمل آنے کا امکان ہے۔

ہلاک شدگان میں زیادہ تر بچے شامل ہیں جن کی عمریں 10 سے 20 سال کے درمیان ہیں، زخمیوں میں کئی افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

مزید پڑھیں: اسرائیلی فوج کا غزہ میں اسکول پر فضائی حملہ، 30 افراد شہید، 100 سے زائد زخمی

اسرائیلی فوج نےحزب اللہ پر حملے میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا ہے تاہم لبنانی گروپ نے اسکی تردید کی ہے۔

اسرائیلی ایمرجنسی سروس کے مطابق لبنان سے داغے گئے راکٹ نے مجدل شمس میں فٹ بال گراؤنڈ کو نشانہ بنایا جہاں بچے فٹبال کھیل رہے تھے۔

یاد رہے کہ یہ حملہ لبنان میں اسرائیلی حملے کے بعد کیا گیا ہے جس میں ہفتے کے روز چار عسکریت پسند مارے گئے تھے، اسرائیلی حملے میں مارے گئے چار جنگجو مختلف مسلح گروپوں کے رکن تھے جن میں سے ایک کا تعلق حزب اللہ سے تھا۔