Summer Weather

ایران؛ ہیٹ ویو کے باعث امتحانات ملتوی

تہران: ایران میں آج شدید گرمی اور حبس کی وجہ سے تعلیمی اداروں میں ہونے والے تمام امتحانات ملتوی کردیے گئے جب کہ دفاتر اور بینک بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران میں درجہ حرارت 40 سے 50 ڈگری تک جا پہنچا ہے۔ شدید گرمی میں شہریوں کی حالت غیر ہوگئی۔

ایران میں ہیٹ ویو کے باعث اب تک 250 سے زائد افراد کو اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ درجن سے زائد معمر افراد جاں بحق ہوگئے تاہم ان کی اموات کی وجہ ’ہیٹ ویو‘ کے ہونے کی تصدیق نہیں کی گئی۔

ایران میں آج ہیٹ ویو کے باعث سرکاری ادارے بھی بند رکھے جائیں گے تاہم ہنگامی خدمات کے ادارے بدستور کام کریں گے جب کہ نجی اداروں کو اوقات کار نصف کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے مزید 4 روز تک گرمی کی لہر جاری رہنے کی پیشن گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔

موسمی تبدیلیوں کے باعث دنیا بھر میں شدید گرمی، بے موسم کی بارشوں اور برفباری اور سیلاب سے معمولات زندگی شدید متاثر ہو رہے ہیں۔

عالمی سطح پر موسمیاتی تغیرات اور ان کے اثرات سے بچنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنے اور اس پر عمل درآمد کے لیے ماہرین سر جوڑ کر بیٹھ گئے ہیں۔