جماعت اسلامی کا احسن اقدام، دھرنے کے دوران مری روڈ پر ٹریفک رواں دواں

راولپنڈی: جماعت اسلامی نے مری روڈ پر دھرنے کے دوران شہریوں کی سہولت کیلئے ایک ٹریک کو ٹریفک کیلئے کھول دیا۔

مہنگی بجلی اور ٹیکسوں کی بھرمار کیخلاف جماعت اسلامی کا مری روڈ پر دھرنا جاری ہے جس میں ملک بھر سے کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہے۔

جماعت اسلامی کو لیاقت باغ چوک سے موتی محل چوک تک شاہراہ کا ایک حصہ دھرنا جاری رکھنے کے لیے دیا گیا تھا تاہم دھرنے کے شرکاء لیاقب باغ چوک سے مریڑھ کی جانب جانے والے حصے پر بھی موجود تھے۔

دھرنے کے شرکاء کی اس حصے پر موجودگی کے باعث راولپنڈی پولیس کے سینئر حکام نے جماعت اسلامی سے رابطہ کرکے سڑک کا ایک ٹریک کھولنے کی درخواست کی تھی۔

راولپنڈی پولیس کے رابطے کے بعد جماعت اسلامی کے منتظمین نے لیاقت باغ و کمیٹی چوک کی جانب سے مریڑھ چوک صدر کی جانب جانے والی شاہراہ کو ٹریفک کے کھلوا دیا۔

لیاقت باغ چوک اور کمیٹی چوک سے مریڑھ چوک و صدر جانے والی سڑک پر ٹریفک رواں دواں ہے، صدر و مریڑھ چوک سے لیاقت باغ جانے والی شاہراہ کے حصے پر دھرنا جاری ہے۔

شہریوں نے دھرنے کے دوران ٹریفک کو رواں دواں رکھنے اور نظم و ضبط کے ساتھ پرامن احتجاج ریکارڈ کرانے پر جماعت اسلامی کے کارکنوں کو سراہا۔