Israeli Bombing

اسرائیل کے فوجی ٹینکوں کی مغربی کنارے پر چڑھائی؛ 5 فلسطینی شہید

غزہ: قابض اسرائیلی فوج کے ٹینکوں نے مغربی کنارے میں طولکرم کے پناہ گزین کیمپ پر چڑھائی کردی جس کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت 5 فلسطینیوں کو قتل کردیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ طولکرم پناہ گزین کیمپ میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم عوامی کمیٹی کے سربراہ فیصل سلامہ کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا۔

فلسطینی ہلال احمر کے ترجمان نے بتایا کہ طولکرم میں کارروائی کے دوران اسرائیلی فوج نے ایک 30 سالہ نوجوان کو پیٹ، رانوں اور ہاتھوں پر گولیاں مار کر شہید کردیا۔

اس نوجوان جس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی کے علاوہ مزید 2 نوجوانوں کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا تھا۔

اسی طرح 3 خواتین کو بھی گہرے زخموں کے ساتھ اسپتال لایا گیا جن میں سے 2 نے دورانِ علاج دم توڑ دیا۔ ایک خاتون کو آنکھ کے نزدیک گولی لگی تھی۔

فلسطینی خبر رساں ایجنسی ’’وفا‘‘ کے مطابق اسرائیلی فوج کے ٹینکوں نے کئی مکانات کو بمباری کرکے ملبے کا ڈھیر بنا دیا۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے اسرائیلی فوج کے مغربی کنارے کے مختلف علاقوں اور پناہ گزین کیمپوں میں عسکری کارروائیوں میں اب تک 579 فلسطینیوں کو شہید کیا جا چکا ہے جب کہ غزہ میں یہ تعداد 39 ہزار سے تجاوز کرگئی۔