PTI Flag

بانی پی ٹی آئی نے جی ایچ کیو کے سامنے احتجاج کی کال دینے کا اعتراف کرلیا

بانی پی ٹی آئی نے جی ایچ کیو کے سامنے احتجاج کی کال دینے کا اعتراف کرلیا۔

بانی پی ٹی آئی نے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ 14 مارچ کو میرے گھر زمان پارک پر پولیس اور رینجرز نے حملہ کیا، میرے وکلاء نے یقین دہانی دی تھی ہم شامل تفتیش بھی ہوں گے، گرفتاری بھی دیں گے۔

بانی پی ٹی آئی کے مطابق 18 مارچ کو جوڈیشل کمپلیکس پر پھر پولیس نے مجھ پر دھاوا بولا، جوڈیشل کمپلیکس کے اندر،باہر شیلنگ کی گئی، مجھے اندازہ ہوگیا تھا کہ مجھے گرفتار کیا جائے گا۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ اپنی گرفتاری سے قبل جی ایچ کیو کے سامنے پُرامن احتجاج کی کال دی تھی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹیکنوکریٹ سیٹ اپ لانے سے بہتر ہے مارشل لاء لگادیں، ویسے بھی غیراعلانیہ مارشل لاء نافذ ہے۔

بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اپنے وکلا کو کچھ پوائنٹس بتاتا ہوں اسی بنیاد پر غیرملکی جریدے میں انٹرویو چھپا۔