Punjab Assembly

سپریم کورٹ ججز نے آئین ری رائٹ کیا،جو نہیں مانگا وہ عطا کردیا، وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے ججز نے آئین کوری رائٹ کیا۔ جونہیں مانگا گیا وہ عطا کردیا۔

پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے لاہور میں ماڈل بازار کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہارے ہوئی شخص اور جماعت کے لیے آئین کو ری رائٹ کررہے ہیں۔ کہا گیا تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرو۔ وہ جماعت جو پارلیمنٹ میں موجود ہی نہیں۔ سپریم کورٹ کا فیصلہ عدم استحکام کی شکل نہیں ہے تو کیا ہے۔

مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے ججز نے آئین کو ری رائٹ کیا اور جو مانگا نہیں گیا تھا عطا کردیا۔ سپریم کورٹ نے لکھا کہ پہلے بیان حلفی قبول نہیں۔ فلور کراس کرنے کی تلقین کی گئی۔ جب ملک میں بہتری آتی ہے تو کسی نہ کسی کو تکلیف ہونے لگتی ہے۔ سپریم کورٹ کے ججز سے کہنا چاہتی ہوں اس ملک کو چلنے دو۔ یہاں ضمیر کے مطابق نہیں آئین اور قانون کے مطابق فیصلے ہوتے ہیں ضمیر بک بھی سکتا ہے۔ عوام اپنی آنکھیں اور کان کھلے رکھیں اور دوست اور دشمن کو پہچانیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی نے ترقی میں رخنہ ڈالنے اور عدم استحکام کی کوشش کی تو اس کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ سازشوں کو 76 سال ہوگئے اب انہیں مزید کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ کوئی خاتون بے گناہ جیل جائے تو دکھ ہوتا ہے لیکن ملک میں آگ لگانے والے معصوم نہیں ہیں۔ ایک عورت نے اس ملک پر حملہ کیا اور تنصیبات کو آگ لگائی اس کو ضمانت دی گئی۔ ایک شخص کو 4 سال حکومت ملی تو ایسی تباہی کی جس کی مثال نہیں ملتی۔ آج عوام پر جو مصیبتیں آئی ہیں یہ انہیں چار سالوں کا نتیجہ ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت کو 11 سال ہو گئے۔ انہو ں نے اتنے عرصے سے خیبر پختونخوامیں کیا کیا۔ صوبے کو تباہ کر کے رکھ دیا – جہاں پنجاب ختم ہوتا ہے اور خیبرپختونخوا شروع ہوتا ہے وہاں ترقی ختم اور تنزلی شروع ہوتی ہے۔ اپنے فرائض سے مجرمانہ غفلت کے علاؤہ ان کے پاس کیا ہے۔ قوم سے وعدہ کرتی ہوں جب تک عہدوں پر ہیں ترقی کی نئی مثالیں قائم کرتے رہیں گے۔